ـ700 تارکین وطن جزیروں سے مرکزی یونان منتقل

223
لیسبوس: تارکین وطن کو کیمپ سے مرکزی یونان منتقل کیا جا رہا ہے

ایتھنز (انٹرنیشنل ڈیسک) یونانی جزیرے لیسبوس کے موریا مہاجر کیمپ میں آتش زدگی کے باعث دربدر ہونے والے 700سے زائد تارکین وطن کو مرکزی یونان میں منتقل کردیاگیا۔ یونانی حکومت نے ایک بیان میں بتایا کہ کیمپ میں آتش زدگی سے متاثرہ ہونے والے سیکڑوں افراد نے کسی دوسرے محفوظ مقام پر بھیجے جانے کی درخواستیں دے رکھی تھیں، جس کے بعد بالآخر پیر کے روز 704 مہاجرین کو مرکزی یونان منتقل کردیا گیا۔ درخواستوں کی منظوری میں بچے، خواتین اور ان افراد کو ترجیح دی گئی ،جو آتش زدگی کے واقعے میں براہ راست متاثر ہوئے تھے اور ان کی حالت انتہائی خراب تھی۔ ایتھنز حکام کا کہنا ہے کہ لیسبوس جزیرے سے 1400 مہاجرین کو منتقل کرنے کے منصوبے پر عمل جاری ہے اور جمعرات کے روز مزید 700تارکین وطن کو مرکزی یونان بھیجا جائے گا۔ ادھر 10یورپی ممالک نے موریا کیمپ کے متاثر کو اپنے ہاں پناہ دینے کا اعلان کیا ہے،جن میں 500افراد فرانس، 1500جرمنی اور 400 افراد دیگر یورپی ممالک منتقل کیے جائیں گے۔ یادر رہے کہ اتوار کے روز سوئٹزرلینڈ میں یورپی ممالک سے متعلق مجوزہ امیگریشن پالیسی پر ریفرنڈم کا انعقاد کیا گیا۔ ماہرین کے مطابق سوئٹزرلینڈ کے دیگر یورپی ممالک کے ساتھ تعلقات خراب ہو سکتے ہیں ۔