نوری آباد ٹریفک حادثے کا مزید ایک زخمی دم توڑ گیا، تعداد 15 ہوگئی

466

کراچی: نوری آباد ٹریفک حادثے کا مزید ایک زخمی دم توڑ گیا۔ جاں بحق افراد کی تعداد 15 ہوگئی۔

تفصیلات کے مطابق 60 سالہ عبدالرشید نوری آباد ٹریفک حادثے میں بُری طرح جھلسنے کے باعث کراچی کے برنس سینٹر میں زیرِ علاج تھا۔

ذرائع کے مطابق حادثے میں زخمی ہونے والے مزید 6 افراد سول اسپتال میں زیرِ علاج ہیں، تمام مریضوں کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔

گزشتہ روز موٹر وے پر حیدر آباد سے کراچی آنے والی مسافر وین کو حادثہ پیش آیا تھا جس کے نتیجے میں 14 افراد جاں بحق جبکہ 6 زخمی ہوگئے تھے۔

ترجمان موٹر وے پولیس نے میڈیا کو بتایا کہ حادثہ سپرہائی وے لکی سیمنٹ فیکٹری نوری آباد کے قریب پیش آیا جہاں مسافروں سے بھری وین JF-6853 خوفناک آتشزدگی کی لپیٹ میں آ گئی۔

ترجمان کے مطابق مسافر وین کے آگے ایک کار تیز رفتاری سے جا رہی تھی ہوا کے دباؤ کے باعث کار کا بونٹ نکل کر وین کے ٹائر سے لگا جس کی وجہ سے ہائی ایکس وین کچے میں جاگری۔ وین الٹنے کے باعث وائرنگ میں آگ لگی جس نے پوری گاڑی کو لپیٹ میں لے لیا۔

ترجمان نے بتایا کہ الٹنے کے بعد وین میں آگ بھڑک اٹھی جس کے نتیجے میں تمام سوار افراد جھلس گئے۔