جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کا قیام، بیوروکریسی کے اختیارات تقسیم

474

لاہور (آن لائن) جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے قیام کے بعد بیورو کریسی کے اختیارات تقسیم کردیے گئے، پنجاب رولز آف بزنس میں ترمیم کرکے چیف سیکرٹری پنجاب کے اختیارات میںکٹوتی کردی گئی، چیف سیکرٹری جواد رفیق ملک پورے صوبے کے بجائے چیف سیکرٹری وسطی اور چیف سیکرٹری شمالی پنجاب کا اختیار استعمال کریں گے، جنوبی پنجاب کے چیف سیکرٹری کے اختیارات ایڈیشنل چیف سیکرٹری جنوبی پنجاب زاہد زمان کو مل گئے ہیں جبکہ جنوبی پنجاب کے افسران کے اختیارات کے بارے میں کئی مقامات پر رولز خاموش ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ پنجاب سول سیکرٹریٹ کے محکموں کے تمام سیکرٹری بھی آدھے پنجاب کے معاملات دیکھیں گے، ایڈیشنل چیف سیکرٹری جنوبی پنجاب براہ راست وزیراعلیٰ پنجاب کے ماتحت ہوں گے، جنوبی پنجاب کے سیکرٹریز کا چیف سیکرٹری یا لاہورکے سیکرٹریز سے کوئی تعلق نہیں رہا، پنجاب رولز آف بزنس میں ترمیم کے بعد جنوبی پنجاب کے تمام اضلاع اور تحصیل انتظامیہ کو لاہور سیکرٹریٹ کوئی حکم نہیں دے سکتا جبکہ جنوبی پنجاب کے افسران کی ترقی، تقرر و تبادلے کا اختیار اب بھی سول سیکرٹریٹ لاہور کے پاس رہے گا۔جنوبی پنجاب انتظامیہ کے تبادلے چیف سیکرٹری پنجاب کریں گے۔