پیرس میں چاقو سے حملہ 4 افراد زخمی

384
پیرس: چاقو حملے کے مقام کو سیل کرکے زخمی کو اسپتال منتقل کیا جارہا ہے‘ واقعے کے بعد فوج بھی پہنچ گئی ہے

 

؎پیرس (انٹرنیشنل ڈیسک) فرانس کے دارالحکومت پیرس میں ایک چاقو حملے کے نتیجے میں 4 افراد زخمی ہوگئے۔ یہ حملہ جمعہ کے روز پیرس میں اس مقام پر کیا گیا، جہاں توہین رسالت کے مرتکب اخبار چارلی ہیبڈو کا سابق دفتر تھا۔ عالمی خبر رساں اداروں کے مطابق چاقو بردار شخص نے راہگیروں پر حملہ کیا، جس کے نتیجے میں 4 افراد شدید زخمی ہوگئے، جن میں سے 2کی حالت تشویشناک ہے۔ پولیس نے چاقو حملے کی اطلاع ملتے ہی پورے علاقے کا محاصرہ کرلیا اور ایک شخص کو حراست میں لینے کا دعویٰ کیا ہے جو مبینہ طور پر حملہ آور ہی ہے۔ اس شخص کے قبضے سے چھری اور حملے کے مقام پر ایک مشتبہ پیکٹ بھی پولیس نے اپنے قبضے میں لیا، جس میں کسی قسم کا بارودی مواد نہیں تھا۔ حملے کے بعد اس علاقے میں سٹی میٹرو سروس بھی معطل کر دی گئی، جب کہ اس دوران فوج کو بھی طلب کرلیا گیا۔ اس سے قبل پولیس کا کہنا تھا کہ حملہ آور 2 ہیں۔ چارلی ہیبڈو کے سابق دفتر پر حملہ اس وقت کیا گیا ہے جب حال ہی میں عدالت میں ایک خاتون سمیت 14 مشتبہ افراد کے خلاف سماعت کا آغاز کیا گیا ہے، جن پر 2015ء میں گستاخانہ خاکے شائع ہونے کے بعد چارلی ہیبڈو کے دفتر پر مسلح حملے میں 12 افراد کی ہلاکت میں معاونت کا الزام ہے۔ استغاثہ نے ان کے خلاف چارج شیٹ پیش کر رکھی ہے۔