ایران پر انسانی حقوق کی پامالی کا الزام‘ مزید پابندیاں عائد

344

واشنگٹن (انٹرنیشنل ڈیسک) امریکا نے انسانی حقوق کی خلاف ورزی کے الزامات کے تحت ایرانی ججوں سمیت کئی عہدے داروں اور اداروں کو بلیک لسٹ کردیا۔ وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے اپنے بیان میں کہا کہ ایرانی جج سید محمود ساداتی، محمد سلطان اور 2جیلوں وکیل آباد اور عادل عباد پر پابندیاں عائد کردی ہیں۔ ادھر امریکا کے نمایندہ خصوصی برائے ایران اور وینزویلا ایلیٹ ابراہمز کا کہنا تھا کہ پابندیوں کے ذیل میں آنے والے افراد میں ایرانی ریسلر نوید افکاری کو سزائے موت سنانے والا جج بھی شامل ہے۔ شیراز کی عدالت کے جج سید محمود ساداتی نے نوید افکاری کے کیس کی نگرانی کی تھی۔ اس سے قبل ایلیٹ نے کہا تھا کہ ایرانی شہریوں کو آزادی اور انصاف سے محروم رکھنے والے افراد کو جلد سزا دی جائے گی۔ واضح رہے کہ نوجوان ایرانی ریسلر کو رواں ماہ کے اوائل میں پھانسی دی گئی تھی اور اس پر 2018ء میں حکومت مخالف مظاہروں کے دوران سیکورٹی گارڈ کو قتل کرنے کا الزام تھا۔ پومپیو کا کہنا تھا کہ عادل عباد جیل پر بھی پابندی عائد کی گئی ہے، کیوں کہ وہاں عہدے داروں نے نوید افکاری پر تشدد کیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ وکیل آباد جیل میں امریکی شہری مائیک وائٹ کو قید رکھا گیا تھا۔ پومپیو نے بتایا کہ واشنگٹن اپنے 3 شہریوں کو ایران کی حراست سے نکال کر واپس لانے کے لیے ہرممکن کوشش کرے گا۔