آشیانہ ہاؤسنگ اسکینڈل: احد چیمہ، شاہد شفیق کے ریمانڈ میں توسیع

161

لاہور (نمائندہ جسارت) احتساب عدالت لاہور نے آشیانہ ہاؤسنگ اسکینڈل کیس میں ملزمان سابق ڈی جی ایل ڈی اے احد چیمہ اور بسم اللہ کنسٹرکشن کمپنی کے چیف ایگزیکٹو شاہد شفیق کے جوڈیشل ریمانڈ میں توسیع کردی، وکلا نے محکمہ پی ایل ڈی سی کے گواہ پر جرح مکمل کرلی، عدالت نے نیب کے مزید گواہوں کو آئندہ سماعت پر طلب کرتے ہوئے سماعت 29 ستمبر تک ملتوی کردی۔ احتساب عدالت کے جج امجد نذیر چودھری نیقومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف، سابق سیکرٹری وزیراعلیٰ پنجاب برائے عملدرآمد فواد حسن فواد، سابق ڈی جی ایل ڈی اے احد چیمہ سمیت دیگر 13 ملزمان کیخلاف کیس کی سماعت کی۔ سابق ڈی جی ایل ڈی اے احد چیمہ اور شاہد شفیق کو جوڈیشل ریمانڈ کے بعد جیل سے لایا گیا جبکہ عدالت نے شہباز شریف اور فواد حسن فواد کو مستقل حاضری سے استثنا دے رکھا ہے، شہباز شریف کی جگہ ان کے معاون محمد نواز ایڈووکیٹ اور فواد حسن فواد کی جگہ ان کے معاون محمد شہباز نے حاضری لگوائی۔