نائیجیریا: گیس ٹینکر میں ہولناک دھماکا‘ 28 افراد ہلاک

278

ابوجا (انٹرنیشنل ڈیسک) مغربی افریقی ملک نائیجیریا میں گیس ٹینکر میں ہونے والے ہول ناک دھماکے کے نتیجے میں اسکول کے 9 طلبہ سمیت 28 افراد ہلاک ہو گئے۔ غیر ملکی خبر رساں اداروں کے مطابق نائیجیریا کی وسطی ریاست کوگی میں حادثہ اس وقت پیش آیا، جب ہائی وے پر ایک گیس ٹینکر کے بریک اچانک فیل ہو گئے۔ اس موقع پر ہونے والے دھماکے میں اسکول بس سمیت کئی گاڑیوں اور املاک کو آگ لگ گئی۔ سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر جاری وڈیو اور تصاویر میں خوفناک شعلے اور دھواں بلند ہوتا دیکھا جا سکتا ہے۔ عینی شاہدین کے مطابق ٹینکر بریک فیل ہونے کے بعد 5 کاروں، 3 رکشوں اور کئی موٹرسائیکلوں سے ٹکرانے کے بعد الٹ گیا، جس کے بعد اُس میں خوفناک آگ لگ گئی، جس کے نتیجے میں ہلاکتوں کے علاوہ کئی افراد زخمی بھی ہوئے جنہیں طبی امداد کے لیے قریبی اسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا ہے۔ نائیجیریا کے ادارے فیڈرل روڈ سیفٹی کارپوریشن کے ترجمان کے مطابق واقعہ ہائی وے پر واقع ایک پیٹرول اسٹیشن کے سامنے پیش آیا۔ طبی ذرائع کے مطابق زخمیوں میں چند افراد کی حالت تشویش ناک ہے، جس کی وجہ سے ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔