حقوق کراچی کے لیے زبردست عوامی تحریک کا آغاز کردیا، لیاقت بلوچ

310

لاہور(نمائندہ جسارت)نائب امیر جماعت اسلامی اور سیاسی انتخابی قومی امور کمیٹی کے صدر لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی کراچی نے کراچی کے عوام کو درپیش مسائل کے حل کے لیے زبردست عوامی تحریک کا آغاز کردیاہے ۔جماعت اسلامی ہی کراچی کے عوام کی ترجمان اور بااعتماد آواز ہے ۔ کراچی کی تباہی میں فوجی آمر، پی پی پی ، ایم کیو ایم ، مسلم لیگ اور پی ٹی آئی برابر کے ذمے دار ہیں ۔ کراچی خوشحال اور مستحکم ہوگا تو پاکستان خوشحال اور مستحکم ہوگا ۔ چنیوٹ میں عوامی دھرنے ، منصورہ میں مرکزی مشاورتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے لیاقت بلوچ نے کہا کہ حکومتی نااہلی اور اپوزیشن جماعتوں کے طرز عمل سے نئے خطرات جنم لے رہے ہیں ۔ سیاسی ، مقتدر جمہوری اور ریاستی قوتوں کی ناکامیاں او راسلوب ملک و ملت کو مسلسل بحرانوں کی جانب دھکیل رہاہے ۔ پاکستان اندرونی اور بیرونی خطرات میں گھرا ہے ، اب کنٹرولڈ، انجینئرڈ سیاسی ، جمہوری نظام نہیں چل سکتا۔ اپوزیشن جماعتوں اور حکومتی رہنمائوں نے مسئلہ کشمیر اور گلگت بلتستان کے حوالے سے فوج کے سربراہ کے ساتھ اجلاس میں شرکت کی ۔ تمام رہنمائوں نے قومی حساس معاملے پر قومی کردار کے ساتھ ذمے دارانہ کردار ادا کیا یہ اس لیے ہوا کہ وزیراعظم عمران خان قومی مسائل اور بحرانوں پر کوئی کردار ادا نہیں کر رہے ۔ قومی قیادت اور فوجی قیادت نے اظہار کردیا تھاکہ یہ باامر مجبوری ہورہاہے لیکن جس طرح حکومت نے میڈیا پلے کیا ہے اس سے ریاست ، حکومت اور جمہوری قوت میں فاصلے بڑھیں گے ۔ بحران شدت اختیار کرے گا ۔ قومی قیادت کسی بڑے قومی سیاسی حادثے سے بچائو کا سدباب کرے ۔جماعت اسلامی صاف ستھرے بیانیے اور قومی کردار کے ساتھ مفادات سے بالاتر اپوزیشن پارٹی کی حیثیت سے فعال کردار ادا کرے گی ۔لیاقت بلوچ نے کہاکہ صوبائی حکومت چنیوٹ فیصل آباد اور پنڈی بھٹیاں کے لیے مرکزی شاہراہوں کو فوری تعمیر کرے ۔ تعلیم ، صحت ، روزگار کے ساتھ صنعتی ، زرعی اور کاروبار کی ترقی کے لیے اچھی شاہراہیں ناگزیر ہیں ۔ عمران خان سرکار اپنا مائنڈ سیٹ بدلے اور عوامی مسائل حل کرے ۔