جنگی جنون پورا کرنے کی خواہش ،اسرائیلی وزیر دفاع امریکا پہنچ گئے

475
واشنگٹن: امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو اور وزیر خزانہ اسٹیون منوچن پریس کانفرنس کررہے ہیں

واشنگٹن (انٹرنیشنل ڈیسک) اسرائیل کے وزیر دفاع بینی گینٹس امریکا پہنچ گئے ہیں، جہاں وہ اپنے امریکی ہم منصب مارک ایسپر سے ملاقات کریں گے۔ اس ملاقات کا مقصد مشرق وسطیٰ میں امن معاہدوں کے بعد اسرائیل کی عسکری برتری کو برقرار رکھنا ہے۔ اس لیے ملاقات میں متحدہ عرب امارات کو جدید ترین ایف 35 طیاروں کی فراہمی کا معاملہ بھی زیربحث آئے گا۔ متحدہ عرب امارات اور اسرائیل کے درمیان معاہدے کے بعد سے امارات کی جانب سے امریکا کے ایف 35 جنگی طیارے اور دیگر جدید ترین حربی آلات خریدنے کی خواہش کا اظہار کیا تھا۔ اس وقت خطے میں صرف اسرائیل کے پاس ایف 35 جنگی طیارے موجود ہیں۔ اسرائیلی وزیر اعظم بنیامین نیتن یاہو نے امارات سے معاہدے کے فوراً بعدکہا تھا کہ اسرائیل اپنے ساتھ امن معاہدے کرنے والے ممالک سمیت خطے کے کسی بھی ملک کو امریکی ہتھیاروں کی فروخت کے خلاف ہے۔ مگر اس کے بعد سے انہوں نے اپنے لہجے میں نرمی لاتے ہوئے امریکی حکومت پر اعتماد کا اظہار کیا کہ وہ تمام تر معاملات میں اسرائیل کی فوجی برتری کو ملحوظ رکھے گی۔ اسرائیلی وزارت دفاع کے مطابق بینی گینٹس امریکی وزیر دفاع مارک ایسپر اور دیگر اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں کریں گے۔ بیان کے مطابق اس دورے میں مشرق وسطیٰ میں اسرائیل کی عسکری برتری، ایران کے حوالے سے بین الاقوامی پالیسی اور دفاعی تعاون سمیت دیگر امور پر بات چیت کی جائے گی۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ وہ متحدہ عرب امارات کو ایف 35 طیارے فروخت کرنے کے خواہشمند ہیں اور اماراتی حکومت کی درخواست پر غور کیا جارہا ہے۔