فلسطین کاعرب لیگ کی سربراہی لینے سے انکار

571

بیت المقدس:فلسطین نے اپنی باری آنے پر عرب لیگ کی سربراہی احتجاج کے طور پر لینے سے انکار کر دیا ہے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق فلسطین کے وزیر خارجہ ریاض المالکی نے راملہ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ متحدہ عرب امارات اور بحرین کے اسرائیل کو تسلیم کرنے اور تعلقات قائم کرنے پر احتجاجاً عرب لیگ کی سربراہی لینے سے انکار کیا ہے۔

فلسطینی وزیر خارجہ نے کہا کہ عرب لیگ کے وزرائے خارجہ کے حالیہ اجلاس میں بعض با اثر عرب ممالک نے اسرائیل، یو اے ای اور بحرین کے تعلقات قائم ہونے کی مذمتی قرار داد کو مسترد کر دیا تھا۔

ریاض المالکی نے واضح کیا کہ فلسطین عرب لیگ کی رکنیت سے دستبردار نہیں ہو رہا ہے، وہ عرب لیگ کا حصہ رہے گا۔

واضح رہے کہ عرب لیگ کے رکن ممالک ہر سال لیگ کی سربراہی رکن ممالک کو دی جاتی ہے، اس بار سربراہی کی باری فلسطین کے پاس آنا تھی، جو فلسطین نے احتجاجاً لینے سے انکار کر دیا ہے۔