عمران حکومت ناکام ہوگئی، جماعت اسلامی حقیقی اپوزیشن ہے، لیاقت بلوچ

273

لاہور(نمائندہ جسارت)نائب امیر جماعت اسلامی ، سیاسی انتخابی قومی امور کمیٹی کے صدر لیاقت بلوچ نے کہاہے کہ جماعت اسلامی اپوزیشن کا حقیقی کردار اد ا کر رہی ہے، اپوزیشن جماعتوں کا آل پارٹیز کانفرنس منعقد کرنا سیاسی ، جمہوری ، پارلیمانی اور آئینی حق ہے ۔ کانفرنس میں کون شریک ہوتاہے ، کون خطاب کرتاہے اتنا اہم نہیں جتنا یہ اہم ہے کہ اپوزیشن جماعتیں کس ایجنڈے اور کس لائحہ عمل پر متحد ہوتی ہیں ۔ صرف اے پی سی منعقد کر لینے سے نہیں ، مزاحمت اور میدان عمل میں کردار ہی اپوزیشن کے مقام کو واضح کرے گا ۔ گزشتہ عرصے میں اپوزیشن جماعتوں نے اپنے عمل سے قوم میں پوری شدت سے 2 آرا پیدا کی ہیں ۔ سینیٹ چیئرمین انتخاب اور عدم اعتماد کا مرحلہ ہو ، فوجی عدالتوں ، آرمی چیف مدت ملازمت میں توسیع بل ہو یا ایف اے ٹی ایف قومی غلامی کا بل ہو ، بڑی اپوزیشن جماعتوں نے صورتحال کو از خود مشکوک بنایا ہے ۔ آئندہ کی صورتحال تو اے پی سی کے نتائج پر ہی ہوگی ۔ لیاقت بلوچ نے کہاکہ مہنگائی ، بے روزگاری ، لاقانونیت ، عوامی حقوق کے تحفظ ، مظلوم کشمیریوں کی پشتی بانی اور کورونا متاثرین ، سیلاب متاثرین کی امداد کا معاملہ ہو جماعت اسلامی ہر محاذ پر فعال قومی کردار کر رہی ہے ۔ماضی میں اتحادوں کی سیاست اور اپوزیشن کے اتحاد نے جمہوریت اور سیاست کو بڑا نقصان پہنچایا ۔ جماعت اسلامی صاف ستھرے کردار اور واضح دوٹوک قومی سیاسی بیانیے کے ساتھ اپوزیشن کے محاذ پر کردار کرتی رہے گی ۔ جماعت اسلامی دستور ، قانون سازی ، قومی وحدت کے تقدس کی بحالی کی جدوجہد کر رہی ہے ۔ غریب مظلوم عوام کے حقوق کا تحفظ ہماری قومی ذمے داری ہے ۔ حریت کشمیر کے عظیم کشمیریوں کی پشتی بانی ایمانی اور قومی فرض ہے ۔ جماعت اسلامی ملک میں شفاف اور غیر جانبدارانہ انتخابی نظام کے لیے جدوجہد کرے گی ۔ عمران خان حکومت ہر محاذ پر ناکام ہے ۔ حکومتی اپنی اصلاح اور حالات کے سدھارکے لیے تیار نہیں ، صلاحیت نہیں رکھتی حکومت حالات کو خود قبل از وقت انتخابات کی طرف لے جارہی ہے ۔