محکمہ ماحولیات بھٹہ مالکان کو بلا وجہ تنگ نہ کرے،چودھری عبدالرزاق

289

فیصل آباد (جسارت نیوز)ضلعی صدر انجمن مالکان بھٹہ خشت ایسوسی ایشن چودھری عبدالرزاق باجوہ نے کہا ہے کہ زگ زیگ ٹیکنالوجی کے لیے طے کیے گئے ایس او پیز پر حکومت نے عمل در آمد نہیں کروایا اس لیے وہ بھی زگ زیگ ٹیکنالوجی پر منتقل ہونے کے لیے کوئی حتمی تاریخ نہیں دے سکتے۔محکمہ ماحولیات نے جن بھٹوں کو زگ زیگ کروانے کے لیے نوٹس دیے تھے وہ مر کزی یونین آل پاکستان بھٹہ مالکان ایسوسی ایشن جنرل سیکر ٹری مہر عبدالحق اور ان کی ٹیم نے سیکرٹری ماحولیات سے میٹنگ کر کے غیر مؤثر کروا دیے ہیں لہٰذا اب محکمہ ماحولیات بھٹہ مالکان کو بلا وجہ تنگ نہ کرے۔ان خیالات کا ظہار انہوں نے ڈیرہ چودھری علی اصغر بھولا گجر شہید پر مالکان کے ایگزیکٹو کونسل اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔سر پرست اعلیٰ چودھری اشرف گجر،چیئر مین سپریم کونسل حاجی الطاف،ڈویژنل صدر حاجی اسلام، جنرل سیکر ٹری حاجی غلام مصطفی، سینئر نائب صدر میاں فرمان، سیکر ٹری فنانس میاں یوسف،رانا صدیق بلو، عارف گجر، امین باجوہ، رانا رشید، رانا حامد خاں،کلیم رندھاوا،رانا قمر طفیل،میاں زاہد،اسلم چدھڑ، رانا رئوف،اکرم پٹواری اورواجدگورایہ ودیگر بھی اس موقع پر موجود تھے ۔چودھری عبدالرزاق باجوہ نے بتایا کہ مرکزی جنرل سیکر ٹری مہر عبدالحق کے سیکر ٹری ماحولیات سے معاملات طے پا گئے ہیں کہ جب تک بھٹہ مالکان کو آسان قرض کی سہولت نہیں دی جاتی زگ زیگ کی طرف نہیں جایا جا سکتا۔انہوں نے کہا کہ اسموگ کے دنوں میں بھی مرکزی یونین،محکمہ ماحولیات،اسموگ کمیشن کی مشترکہ میٹنگ میں حتمی تاریخ طے کی جائے گی ۔انہوں نے کہا کہ محکمہ لیبر،ماحولیات بھٹہ مالکان کو بلا وجہ نوٹس بھیجنے کا سلسلہ بند کریں ورنہ ان کے خلاف احتجاج کیا جائے گا۔