وفاقی اور صوبائی حکومتیں بلدیاتی انتخابات کرانے میں سنجیدہ نہیں ، لیاقت بلوچ

245

لاہور (نمائندہ جسارت) نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ نے منصورہ میں سیاسی انتخابی قومی امور پر تربیتی ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ سیاسی جماعتوں کی نااہلی اور ہوس اقتدار نے بلدیات، قومی و صوبائی اسمبلی کو عملاً بے کار کردیا ہے‘ عوام ووٹ دیتے ہیں لیکن پاپولر اور انجینئرڈ اقتدار کی وجہ سے عملاً عوامی جذبات اسٹیبلشمنٹ کی دہلیز پر ڈھیر کر دیے جاتے ہیں‘ جماعت اسلامی اہلیت ، امانت و دیانت اور آئینی حدود میں رہ کر ملک میں متوازن نظام کی جدوجہد کر ے گی‘ صوبائی حکومتیں جان بوجھ کر عوام کو بلدیاتی حقوق سے محروم رکھ رہی ہیں‘ اسلام آباد، پنجاب اور خیبر پی کے میں پی ٹی آئی کی حکمرانی ہے لیکن وفاقی اور پی ٹی آئی کی صوبائی حکومتیں بلدیاتی انتخابات میں سنجیدہ نہیں ہیں‘ وفاقی اور صوبائی حکومتیں عملاً آئین سے انحراف کی مرتکب ہو رہی ہیں ‘ گزشتہ بلدیاتی انتخابات بھی عدلیہ کے دبائو پر ہوئے تھے‘ اب بھی عدلیہ اور الیکشن کمیشن آف پاکستان عوام کے بلدیاتی اور جمہوری حقوق کی حفاظت کریں اور انتخابات کا روڈ میپ دیں۔ لیاقت بلوچ نے کہا کہ جماعت اسلامی عوام کو نمائندہ ، موثر اور فعال مقامی حکومتوں کے ذریعے اچھی حکمرانی دے گی‘ عوام دہرے تہرے ٹیکس دے رہے ہیں لیکن مالی، سیاسی اور انتظامی ڈسپلن نہ ہونے کی وجہ سے عوام بے اختیار اور بیوروکریسی راج کر رہی ہے‘ جماعت اسلامی صوبوں میں سیاسی انتخابی کنونشن منعقد کرے گی اور ملک بھر میں شفاف، غیر جانبدارانہ اور بااعتماد انتخابات کی تحریک چلائے گی ‘ پی پی اور مسلم لیگ کے بعد عمران خان نے قلیل مدت میں عوام کو مایوس کردیا ہے ‘ پی ٹی آئی کے طرز حکمرانی پر ناکامی حکومت کا پکا ٹھپا لگ گیا ہے‘ لاہور رنگ روڈ موٹروے پر خاتون کے ساتھ زیادتی کے المناک واقعہ نے قوم کو ہلاکر رکھ دیا ہے‘ حکمرانوں کو احساس ہی نہیں۔