امریکا عالمی امن کے لیے سب سے بڑا خطرہ ہے، چین

300

بیجنگ (مانیٹرنگ ڈیسک) چین نے اپنی فوج کے بارے میں متنازع امریکی رپورٹ کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ عالمی امن کو سب سے بڑا خطرہ امریکا سے ہی ہے۔ جرمن نشریاتی ادارے ڈوئچے ویلے میں چھپنے والی خبر کے مطابق چینی وزارت قومی دفاع کی جانب سے جاری مذمتی بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکا نے اپنی سالانہ کانگریشنل رپورٹ میں چینی فوجی پالیسیوں کو مسخ کرکے پیش کیا۔چین کی جانب سے امریکی وزارت دفاع کی اس رپورٹ کو اشتعال انگیز قرار دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ اس طرح کے اقدامات سے دونوں ملکوں کی فوجوں کے باہمی تعلقات بھی متاثر ہو سکتے ہیں۔ خیال رہے کہ امریکا کی جانب سے یہ رپورٹ یکم ستمبر کو جاری کی گئی تھی جس میں الزام عاید کیا گیا تھا کہ چینی فوج کو نظر انداز کرنے سے قومی مفادات کو شدید نقصانات پہنچنے کا خدشہ ہے۔ چین کی جانب سے امریکی رپورٹ پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ امریکا نے خود ہی بدامنی پھیلائی، انٹرنیشنل نظم و ضبط کی خلاف ورزی کی اور عالمی امن کو تباہ کیا۔ اس کی ہی وجہ سے عراق، شام، لیبیا اور دیگر ممالک میں آٹھ لاکھ سے زاید افراد ہلاک یا بے گھر ہوئے۔ چینی وزارت دفاع کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکا نے خود احتسابی کے بجائے چینی فوج کے بارے میں غلط بیانات جاری کیے۔ ہم امریکا پر زور دیتے ہیں کہ وہ چینی قومی دفاع اور فوجی عزائم پر حقیقی بنیادوں پر غور کرے۔ چین کی فوجی صلاحیتیں صرف دفاعی نوعیت کی ہیں۔