حکومت سندھ کا صوبے میں کورونا وائرس فیلڈ آئیسولیشن سینٹر بند کرنے کا فیصلہ

376

کراچی(اسٹاف رپورٹر)سندھ حکومت نے صوبے میں کوروناوائرس کے لیے قائم فیلڈ آئیسولیشن سینٹر بند کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

چیف سیکریٹری سندھ سید ممتاز علی شاہ کی زیر صدارت کورونا وائرس ایمرجنسی فنڈ کا اجلاس ہوا جس میں ایکسپو سینٹر اور پی ایف میوزیم میں قائم فیلڈ آئیسولیشن سینٹر بند کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

چیف سیکریٹری سندھ کے مطابق وزیر اعلیٰ سندھ کو سمری بھیج کر منظوری لی جائے گی۔ کورونا وائرس کے مریضوں کے لیے اسپتالوں میں جگہ ہے اس لئے آئیسولیشن سینٹر بند کئے جائیں۔

سید ممتاز علی شاہ نے کہا کہ تعلیمی ادارے کھل رہے ہیں وافر مقدار میں ٹیسٹنگ کٹس موجود ہیں۔حکومت سندھ نے کورونا وائرس کے پیشِ نظر مارچ میں کورونا وائرس ایمرجنسی فنڈ قائم کیا گیا تھا جس میں 3 ارب 64 کروڑ روپے سے زاید رقم جمع ہوئے تھے۔

اجلاس میں چیف سیکریٹری سندھ نے بتایا کہ فنڈ سے فیلڈ آئیسولیشن سینٹر کا قیام اور پی پی ایز، کٹس، وینٹیلیٹر اور ادویات خریدی گئی۔ اس وقت کورونا وائرس ایمرجنسی فنڈ میں 80 کروڑ روپے موجود ہیں۔

چیف سیکریٹری سندھ کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس ایمرجنسی فنڈ کا شفاف استعمال کیا گیا ہے۔فنڈ سے خریداری کی غیر جانبدار آڈٹ فرم سے آڈٹ اور انسپکشن کروائی جا رہی ہے۔