ریاستی اداروں ، حکومتی اور انتظامیہ کا کھوکھلا پن المیہ ہے ، لیاقت بلوچ

302

لاہور(نمائندہ جسارت)نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان اور سابق پارلیمانی لیڈر لیاقت بلوچ نے کہاہے کہ موٹرو ے پر قوم کی بے بس بیٹی کے ساتھ حیاباختگی بڑا ظلم اور اخلاقی قدروں کی تباہی ہے ۔ جس معاشرے میں خاتون غیر محفوظ بنا دی جائے ، وہ بدترین معاشرہ ہے ۔ ریاستی اداروں ، حکومتی رٹ ، انتظامیہ اور پولیس کا کھوکھلا پن بہت بڑا المیہ بن گیاہے ۔ حکومت پولیس ، انتظامیہ اور سیاسی اداروں کی رسہ کشی نے پنجاب کو مفلوج اور کرائم کا گڑھ بنا دیاہے ۔ وزیراعظم عمران خان اب اچھی طرح جان لیں کہ پنجاب پر اپنی حکمرانی اور وفاقی بالادستی کے لیے ان کی ضد اور نااہل حکومت کی سرپرستی عوام کے لیے وبال جان بن گئی ہے ۔ پنجاب حکومت کی کارکردگی سے حکمران جماعت ، انتظامی اور ریاستی ادارے مطمئن نہیں ۔ پولیس اور انتظامیہ میں نااہل حکومت کو تحفظ دینے کے لیے تبادلوں کے ناجائز اقدامات مزید تباہی لارہے ہیں ۔ان خیالات کا اظہا ر انہوں نے ایبٹ آباد ، واہ کینٹ اور لاہور میں عوامی پروگرامات اور ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ لیاقت بلو چ نے کہاکہ پاکستان کے اسلامی نظریاتی کردار، وحدت امت اور فرقہ واریت کے خاتمے کے لیے دینی مشترکات ہی قومی سلامتی ، ترقی اور استحکام کی ضمانت ہیں ۔ حکمران قادیانیت ، لادینیت اور مادر پدر آزادی کی روش چھوڑ دیں اور ریاست مدینہ کے نظام کا وعدہ پورا کریں ۔آئین پاکستا ن بابرکت اسلامی نظام کے نفاذ کی مضبوط بنیا د مہیا کرتاہے ۔ سود ، قرضوں ، کرپشن اور اسلام سے انحراف کی لعنت ملک و ملت کے لیے نئے سے نئے خطرات کو جنم دے رہی ہے ۔ دو قومی نظریہ اور قیام پاکستان کے مقصد کا احیا ناگزیر ہے ۔لیاقت بلوچ نے طلبہ اور نوجوانوں سے کہاکہ 72 سال سے نظام حکومت کے لیے انجینئرڈ وارداتیں ناکام ثابت ہوئی ہیں ۔ عوام پارلیمانی اور آئینی حکمرانی ، اسلامی پاکستان اور خوشحال پاکستا ن کے لیے جماعت اسلامی کا ساتھ دیں ۔ جماعت اسلامی پورے ملک کے محب وطن ، اہل دیانت دار لوگو ں کو متحد کر کے پاکستان کو بحرانوں سے نجات دلائے گی۔