اسلام کا آئیڈیل نظام حکومت خلافت ہے، راشد نسیم

211

لاہور(نمائندہ جسارت)نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان راشد نسیم نے کہاہے کہ اسلام کاآئیڈیل نظام حکومت خلافت ہے ۔ خلافت کا نظام ہی ملک و قوم کو موجودہ بحرانوں سے نجات دلاسکتا ہے ۔ جماعت اسلامی اسی نظام کے نفاذ کی جدوجہد کر رہی ہے جو اللہ کے رسول ؐ ہمیں دے کر گئے ۔ مدینے کی ریاست کے دعوے داروں نے ملک کو مسائل کی دلدل میں دھکیل دیا ہے ۔ ملک پر 70 سال سے انگریز کا پروردہ وہی طبقہ مسلط ہے جن سے نجات کے لیے پاکستان بنایا گیا تھا ۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے منصورہ میں مرکزی تربیت گاہ کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ راشد نسیم نے کہاکہ اسلام کا نظام حکومت پوری امت کے دل و دماغ میں بالکل واضح ہے ۔ انہوںنے کہاکہ حق بذات خود حق ہوتاہے اسے کوئی تسلیم کرے یا اس کا انکار کر دے ۔ انہوں نے کہاکہ اللہ کے منتخب اور برگزیدہ پیغمبروں ؑ کو تکلیفوں سے گزرنا پڑا ۔ انہیں اپنے گھر اور ملک چھوڑنا پڑے ۔ انہیں طرح طرح سے ستایا گیامگر وہ حق کی راہ پر قائم رہے اور صبر و استقامت سے ثابت کیا کہ انہیں دنیا کی کوئی تکلیف حق کے راستے سے پیچھے نہیں ہٹا سکتی۔راشد نسیم نے کہاکہ پاکستان کو اسلامی و خوشحال پاکستان بنانے کے لیے دیانتدار اور خوف خدا رکھنے والی قیادت کی ضرورت ہے ۔ ملک میں نام نہاد جمہوری حکومتیں اور فوجی آمریتیں مسلط رہیں ۔ بھاری اکثریت والے بھی آئے مگر ملک کے مسائل کم ہونے کے بجائے بڑھتے رہے اور آج یہ صورتحال ہے کہ ملک مسائلستان بن گیا۔ عوام کے دکھوں اور پریشانیوں میں بے پناہ اضافہ ہوچکاہے ۔راشد نسیم نے جماعت اسلامی کے رہنما حافظ محمد ادریس کے گھر جاکر ان کی ہمشیرہ کے انتقال پر تعزیت کی۔