ڈاکٹر ماہا کی قبر کشائی اور پوسٹ مارٹم سے متعلق درخواست منظور

269

کراچی(آن لائن)کراچی کے علاقے ڈیفنس میں مبینہ طور پر خودکشی کرنے والی ڈاکٹر ماہا کی قبر کشائی اور پوسٹ مارٹم سے متعلق عدالت نے درخواست منظور کرلی۔کیس کے تفتیشی افسر سب انسپکٹر شرافت علی کی جانب سے دائر درخواست میں کہا گیا تھا کہ میڈیکل رپورٹ کے مطابق ماہا کو سر میں بائیں جانب گولی لگی اور دائیں جانب سے خارج ہوئی، مدعی مقدمہ کی
درخواست ہے کہ ڈاکٹر نے رپورٹ غلط دی ہے لہٰذا مدعی مقدمہ کے مؤقف کی تصدیق کیلیے قبر کشائی، پوسٹ مارٹم اور مزید معائنے کی اجازت دی جائے۔کراچی کی مقامی عدالت نے ڈاکٹر ماہا کیس میں قبر کشائی اور پوسٹ مار ٹم سے متعلق درخواست پر تحریری فیصلہ جاری کردیا۔عدالتی حکم میں کہا گیا ہے کہ عدالت کو قبر کشائی پر کوئی اعتراض نہیں، عدالت انویسٹی گیشن میں مداخلت نہیں کرسکتی لہذا استغاثہ قانون کے مطابق کارروائی کرے۔عدالتی حکم میں مزید کہا گیا ہے کہ ڈاکٹر ماہا کی قبر کشائی اور پوسٹ مارٹم قانون کے مطابق کیا جائے۔واضح رہے کہ 19 اگست کو کراچی کے علاقے ڈیفنس سے لیڈی ڈاکٹر ماہا شاہ کی لاش ان کے گھر سے ملی تھی جس پرپولیس نے شبہ ظاہر کیا تھا کہ ڈاکٹر ماہا نے خود کو گولی مارکر خودکشی کی ہے۔