حکومتی چہیتے پولیس افسر نے متاثرہ خاتون کی تذلیل کی، عظمیٰ بخاری

93

لاہور (نمائندہ جسارت) مسلم لیگ(ن) پنجاب کی ترجمان عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ حکومت کے چہیتے سی سی پی او لاہور نے متاثرہ خاتون اور اس کے اہلخانہ کی تذلیل کی ہے، ایسے پولیس افسر کا عہدے پر مزید فائز رہنا انتہائی ناقابل برداشت ہے،متاثرہ خاتون کا کیس کی مزید پیروی سے انکار ہمارے معاشرے کیلیے لمحۂ فکر اور نظام عدل اور نظام قانون پر بہت بڑا سوالیہ نشان ہے۔ فیاض چوہان کے بیان پر رد عمل میں انہوں نے کہا کہ واقعہ پیش آنے کے بعد 24 گھنٹے تک پنجاب پولیس اور موٹروے پولیس مقدمہ درج کرنے کیلیے تیار نہیں تھے، پنجاب پولیس اور موٹروے پولیس نے انتہائی غیر ذمے دارانہ اور غیر پیشہ ورانہ رویہ اختیار کیا، غفلت اور لاپرواہی کی تمام حدیں پار کردی گئیں، سی سی پی او لاہور خود کو بہت قابل اور پروفیشنل افسر سمجھتے ہیں، لیکن سی سی پی او لاہور نے اس معاملے میں عورتوں کے متعلق جو تعصبانہ سوچ ظاہر کی ناقابل برداشت ہے۔ کل ہی 2 معصوم بچیوں کے ساتھ گوجرانوالہ اور راولپنڈی میں ظلم ہوا، ان کا قصور بھی بتا دیں۔ عمر شیخ کی موجودگی میں لاہور میں جرائم کے واقعات میں کمی ناممکن ہے۔ سیف سٹی کیمرے اور فرانزک لیب کی موجودگی میں اس مسئلے کے حل کی امید ہے۔ شہبازشریف کے پروجیکٹس آج مجرموں کو پکڑنے میں مدد گار ثابت ہو رہے ہیں۔