زیادتی کے مجرموں کو سر عام کوڑے مارے جائیں، چودھری شجاعت

95

لاہور (نمائندہ جسارت) پاکستان مسلم لیگ کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ موٹروے پر خاتون کی عصمت دری کا واقعہ انتہائی افسوسناک ہے، وزیراعلیٰ پنجاب کو چاہیے کہ زیادتی میں ملوث افراد کا تعین ہونے پر مجرموں کو سرعام کوڑے مارے جائیں تاکہ لوگوں کو پتا چل سکے کہ کوئی ان کی داد رسی کو آیا ہے، انہوں نے کہا کہ ایک بہت بڑی کمیٹی بنا دی گئی ہے ان کمیٹیوں سے معاملہ حل نہیں ہوسکے گا۔ وہ اپنی رہائش گاہ پر سرائے عالمگیر سے تعلق رکھنے والے سابق ارکان قومی اسمبلی ملک محمد حنیف اور ملک جمیل کی پاکستان مسلم لیگ میں شمولیت کے موقع پر گفتگو کر رہے تھے۔ چودھری شجاعت حسین نے دونوں رہنمائوں کو پارٹی میں خوش آمدید کہتے ہوئے اعلان کیا کہ آئندہ آنے والے بلدیاتی انتخابات میں ملک محمد حنیف ہماری پارٹی کی جانب سے تحصیل ناظم سرائے عالمگیر کیلیے امیدوار ہوں گے۔ انہوں نے ملک حنیف سے کہا کہ آپ بھی اپنے علاقوں میں ہونے والے مظالم پر بھرپور آواز اٹھائیں۔