پاکستان تشدد کی ثقا فت کو فروغ دے رہا ہے ،بھارت کی ہرزہ سرائی

316

نئی دہلی (آن لائن) بھارت نے ایک بار پھر پاکستان پر دہشتگردوں کی معاونت اور انہیں محفوظ پناہ گاہیں فراہم کرنے کا الزام عاید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہمسایہ ملک اپنی سرحد کے اندر اور باہر تشدد کی ثقا فت کو فروغ دے رہا ہے۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق اقوام متحدہ میں بھارت کی مستقل مندوب پاولمی تریپاتھی نے جنرل اسمبلی امن کا کلچر بارے ایک اعلیٰ سطحی فورم سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کا انسانی حقوق کا ناقص ریکارڈ اور مذہبی اقلیتوں کے ساتھ امتیازی سلوک عالمی برادری کے لیے مستقل تشویش کا باعث ہے۔ انہوں نے کہا کہ بد قسمتی سے ہم بھارت کے خلاف نفرت انگیز تقریر کے لیے اقوام متحدہ کے پلیٹ فارم سے فائدہ کے لیے پاکستان کے وفد کی ایک اور کوشش کے عینی شاہد ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے وفد کی جانب سے امن کی ثقافت کی بات کرنا ملک کے اپنے شرمناک ریکارڈ سے توجہ ہٹانے کے لیے ایک طعنے کے سوا کچھ نہیں ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں اقلیتوں کو کتنا تحفظ حاصل ہے یہ سب کو بہتر معلوم ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں خواتین کا اغوا اور ریپ عام سی بات ہے بلکہ حالت یہ ہے کہ موٹر وے پر خاتون کا ریپ کر لیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو دوسرے ممالک کے حقوق انسانی کے ریکارڈ پر بات کرنے سے قبل پہلے اپنے ملک کے سسٹم کی بہتری پر توجہ دینی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ہمسایہ ملک نہ صرف دہشتگردوں کی محفوظ پناہ گاہ ہے بلکہ سرحد پار دہشتگر دی کے فروغ کا بھی باعث ہے ۔