شام میں اسرائیلی بمباری 7 ہلاک درجنوں زخمی

189

دمشق (انٹرنیشنل ڈیسک) اسرائیلی فضائیہ کے لڑاکا طیاروں نے شام میں عراقی ملیشیا حزب اللہ کے ٹھکانوں پر میزائلوں کی بارش کردی، جس کے نتیجے میں 7 جنگجو ہلاک اور درجنوں زخمی ہوگئے۔ خبر رساں ادارے کے مطابق اسرائیلی لڑاکا طیاروں نے یہ بمباری حلب میں اسدی فوج کی تنصیبات کے قریب کی، تاہم اس کا نشانہ حزب اللہ کے ٹھکانے تھے۔ اسدی فوج کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اسرائیلی طیاروں نے حلب کے فوجی علاقے میں میزائل داغے، جن میں سے اکثر کو فضا میں ہی تباہ کردیا گیا، تاہم کچھ میزائل فوجی اڈے کے قریب گرے، جس سے جانی نقصان بھی ہوا، تاہم اس حملے میں اسدی فوجی محفوظ رہے۔ شامی مبصر کے مطابق اسرائیلی حملے میں زخمی ہونے والوں میں سے 3 کی حالت نازک ہونے کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔ اسرائیلی فضائیہ کے ترجمان نے اس حملے سے متعلق کسی قسم کے تبصرے سے انکار کیا ہے۔ واضح رہے کہ شام کے شمالی شہر حلب کے گردو نواح کے علاقے میں بشار الاسد انتظامیہ کے فوجیوں کے علاوہ ایرانی پاسداران انقلاب کے زیرقیادت دہشت گرد گروہ خاص طور پر لبنانی حزب اللہ کے عناصر کے موجود ہیں۔ جب کہ شام میں2011ء میں خانہ جنگی کے آغاز کے بعد سے اسرائیل وقتاً فوقتاً ایران کے حمایت یافتہ ان گروہوں اور اسدی فوج کے ٹھکانوں پر حملے کرتا ہے۔ گزشتہ 3 ماہ کے دوران شام نے اپنی سرزمین پر 9 اسرائیلی حملوں کا الزام لگایا ہے۔ رواں ماہ 3 ستمبر کو اسد حکومت کے زیر انتظام ذرائع ابلاغ نے بتایا تھا کہ اسدی فوج کے فضائی دفاعی نظام نے حمص صوبے میں ٹی فور کے ہوائی اڈے کی سمت داغے گئے اسرائیلی میزائلوں کا راستہ روک کر اکثر کو مار گرا ہییا۔ اس سے قبل اسرائیلی بم باری میں اسد حکومت کے حامی 10 جنگجو مارے گئے تھے۔