یونان کا سب سے بڑا مہاجر کیمپ جل کر خاک

501
یونان: موریا مہاجر کیمپ میں لگنے والی ہول ناک آگ سے خیمے خاکستر ہوگئے ہیں

ایتھنز (انٹرنیشنل ڈیسک) یونان کے جزیرے لیسبوس پر قائم موریا نامی سب سے بڑا مہاجر کیمپ جل کر تباہ ہوگیا۔ خبررساں اداروں کے مطابق اس کیمپ میں گزشتہ رات کئی مقامات پر آگ بھڑک اٹھی، جس کے نتیجے میں سیکڑوں خیمے اور سہولیات خاکستر ہوگئیں۔ موریا کیمپ میں خانہ جنگی، تنازعات اور دیگر مسائل کے شکار ممالک سے ہجرت کرنے والے 12 ہزار مہاجروں نے پناہ لے رکھی ہے، جن کی خواہش مغربی یورپ کے ممالک پہنچنا ہے، تاہم یورپی یونین کے رکن ممالک کی جانب سے ان تارکین وطن کے لیے سرحدیں بند ہونے کے باعث یہ ہزاروں مہاجر یونان اور بلقان کی ریاستوں میں پھنسے ہوئے ہیں۔ مقامی حکام نے فی الحال آگ لگنے کی وجوہات کا تعین نہ ہونے کا بتایا ہے۔ اس آتشزدگی کے نتیجے میں یہ پناہ گزین ایک بار پھر دربدر ہوگئے ہیں۔ یہ تارکین وطن پہلے ہی اس کیمپ میں انتہائی کسمپرسی کی زندگی گزار رہے تھے۔ اس بنا پر فلاحی اور انسانی حقوق کی تنظیمیں عرصے سے یونانی حکام کو تنقید کا نشانہ بنا رہی ہیں۔ ان تنظیموں کا مطالبہ ہے کہ یونانی حکومت مہاجرین کو ان گنجان کیمپوں سے نکال کر بہتر رہایش فراہم کرے۔ بیشتر افراد 2015ء اور 2016ء کے دوران شام اور عراق کی جنگو ں سے جان بچا کر یہاں پہنچے تھے۔ اس کیمپ میں 3ہزار افراد کے رہنے ہی کی گنجایش ہے، لیکن 12 ہزار سے زائد افراد رہتے ہیں۔