اسرائیل کے اہم تجارتی وفد کی امارات آمد

374
ابوظبی/ لندن: اسرائیل کے سب سے بڑے بینک کے سربراہ اور کاروباری شخصیات پر مشتمل وفد کا استقبال کیا جا رہا ہے‘ چھوٹی تصاویر عرب ممالک کے صہیونی ریاست سے تعلقات بنانے پر برطانیہ میں احتجاجی مظاہرے کی ہیں

دبئی (انٹرنیشنل ڈیسک) اسرائیل کے سب سے بڑے بینک کے انتظامی سربراہ سمیت پہلا تجارتی وفد متحدہ عرب امارات پہنچ گیا، جہاں وہ اماراتی بینکوں سمیت دیگر کاروباری اداروں کے ساتھ معاہدے کرے گا۔ خبررساں اداروں کے مطابق اسرائیل کے سب سے بڑے بینک ہاپوالیم کا سربراہ ڈوڈ کوٹلر وفد کے ساتھ منگل کے روز دبئی پہنچا۔ یہ وفد متحدہ عرب امارات کے سرکاری عہدے داروں اور سب سے بڑے بینکوں کے سربراہوں سے ملے گا۔ اس دوران کئی معاہدوں پر دستخط بھی کیے جائیں گے۔ ڈوڈ کوٹلر نے ایک خبر رساں ادارے کو بتایا کہ یہ دورہ اسرائیل اور متحدہ عرب امارات کے کاروباری اور مالیاتی اداروں کے مابین معاشی تعلقات اور تعاون بڑھانے کا سنہرا موقع ہے، اور یہ تعلقات دونوں ممالک کی معاشی ترقی میں اہم کردار ادا کریں گے۔ متحدہ عرب امارات کے سب سے بڑے بینک فرسٹ ابو ظہبی بینک نے گزشتہ ہفتے ٹوئٹر پر ایک پیغام میں اعلان کیا تھا کہ متحدہ عرب امارات اور اسرائیل کے مابین گزشتہ ماہ ہونے والے تاریخی معاہدے کے بعد اسرائیل کے معروف مالیاتی اداروں بینک ہاپوالیم اور بینک لومی کے ساتھ بات چیت کا آغاز کرے گا۔ اس دورے سے قبل یکم ستمبر کو دونوں ممالک کے درمیان بینکاری اور مالیات سے متعلق مفاہمت کی یادداشت پر دستخط ہوئے ہیں۔ اب پیر کے روز اسرائیل کے ایک اور اہم بینک بینک لومی کا دوسرا وفد متحدہ عرب امارات کا دورہ کرے گا۔