مہندی

450

مہندی بالوں کو رنگنے کا ایک قدرتی طریقہ ہے جس سے بالوں کوکسی بھی قسم کا نقصان نہیں پہنچتا۔ البتہ مہندی کے استعمال کے لیے بھی چند باتوں کا خیال رکھنا ضروری ہے۔ سرخ کے علاو ہ تمام دیگر رنگ مہندی میں کسی اور پودے یا مصنوعی رنگ کو ملا کر بنائے جاتے ہیں ۔ کوشش کریں کہ ہمیشہ قدرتی اور سو فیصد خالص مہندی خریدیں ۔ اگر مہندی کا رنگ تبدیل کرنا چاہیں تو اس میں آملہ، کافی یا چقندر کے عرق کا استعمال کیا جاسکتا ہے ۔
*کالی مہندی :بازار میں کالی مہندی بھی آسانی سے مل جاتی ہے۔ یہ دراصل مہندی سے نہیں بلکہ نیل کے پودے سے تیار کی جاتی ہے ۔یہ مہندی کی طرح خشک نہیں ہوتی ، اس لیے اسے گھول کر مہندی کی طرح کچھ دیر تک رکھنا ضروری نہیں بلکہ فوراًہی لگالینا ٹھیک ہے ۔ کالی مہندی لیتے ہوئے یہ ضرور دیکھ لیں کہ اس میں اجزا کونسے شامل ہیں ۔ اگر زیادہ کیمیکل کا استعمال کیا گیا ہے تو اسے بالکل نہ خریدیں۔ ہمیشہ اچھی برانڈ کی مہندی استعمال کریں ۔
*مہندی والے بالوں پر کیمیکل ڈائی :
اکثر لوگ مہندی اس وجہ سے نہیں لگاتے کہ پھر پارلر سے ڈائی کراتے ہوئے بالوں کا کٹ ڈاؤن یعنی بلیچ کرانا پڑے گا جس سے بال بے جان اور کمزور ہو جائیں گے ۔ اگر آپ سو فیصد خالص مہندی استعمال کریں تو اس پر آپ آرام سے اسٹریکنگ ، کیمیکل ڈائی یا ٹریٹمنٹ وغیرہ لے سکتے ہیں ۔ البتہ مہندی کے استعمال اور ڈائی کرانے میں 1سے 2 ہفتوں کا وقفہ ضرور دے دیں۔
*بالوں کے مطابق مہندی کی مقدار
:بعض لوگ مہندی کا پورا پیکٹ کھول کر بالوں پر لگا لیتے ہیں اور چند بے حد کم مقدار میں ڈرتے ڈرتے مہندی کا استعمال کرتے ہیں ۔ مہندی کی مقدار کا تعین بالوں کی لمبائی کے حساب سے کیا جاتا ہے ۔عموماًکندھوں تک کی لمبائی والے بالوں کے لیے سو گرام مہندی کافی ہوتی ہے، جبکہ کمر تک کی لمبائی کے لیے 300-350گرام مہندی سہی رہتی ہے ۔
*مہندی میں لیموںکے عرق کا استعمال
لیموںمیں ایسڈک خصوصیا ت ہوتی ہیں اور اس سے بالوں میں چمک تو آتی ہے لیکن سر کی جلد خشک ہو جاتی ہے ۔ اگر پھر بھی آپ لیموںکا عرق مہندی میں استعمال کرنا ہی چاہیں تو دہی یا انڈے کے ساتھ ملا کر کریں ۔ اس سے بالوں کو ضروری نمی حاصل ہو گی ۔ مہندی کو ہلکے گرم پانی میں گھولیں۔ اس کے علاوہ اسے قہوے یا کافی کے پانی میں بھی حل کیاجا سکتا ہے ۔ بہتر یہ ہے کہ ان کے ساتھ تھوڑا سا دہی استعمال کیا جائے ۔
*بال سیدھے ہو جاتے ہیں
جی ہاں مہندی کے استعمال سے گھنگھریالے بال سیدھے ہو جاتے ہیں ۔ جو خواتین اپنے بالوں کو اسٹریرکھنا چاہتی ہی تو وہ الیکٹرونک اسٹریٹنگ یا پارلر میں خرچہ کرنے کے بجائے خالص مہندی کا باقائدگی سے استعمال کریں ۔ جو لوگ بالوں کو گھنگریالے ہی رکھنا چاہتے ہٰں وہ مہندی میں آملے کے پاؤڈر کا استعمال کریں ۔ اس کے علاوہ آملے سے مہندی کا رنگ بھی گہرا ہو جاتا ہے ۔
*مہندی میں چینی کے استعمال سے مہندی کا پیسٹ نرم ہو جاتا ہے اور آسانی سے بالوں میں لگ بھی جاتا ہے ۔
*اگر مہندی سے بال خشک ہو جاتے ہوں تو اس سے ایک گھنٹہ پہلے بالوں میں تیل لگا لیں ۔