ہربھجن سنگھ انتظامیہ کو بتائے بغیر آئی پی ایل سے دستبردار

198

دبئی(جسارت نیوز) چنائی سپر کنگز کے 40 سالہ سابق بھارتی آف اسپنر ہربھجن سنگھ ذاتی مسائل کے باعث آئی پی ایل سے دستبردار ہوگئے البتہ انہوں نے ٹیم انتظامیہ کو مطلع نہیں کیا۔ آسٹریلین پیسر کین رچرڈسن بھی بچے کی ممکنہ پیدائش کے باعث رائل چیلنجرز بنگلور کیلیے دستیاب نہیں ہوں گے۔ یاد رہے کہ بھارتی کرکٹ بورڈ کے زیراہتمام انڈین پریمیر لیگ (آئی پی ایل) کا 13 واں ایڈیشن متحدہ عرب امارات میں 19 ستمبر سے شروع ہوگا، انڈین پریمیر لیگ کے فائنل سمیت تمام میچز یو اے ای کے 3 مقامات دبئی، شارجہ اور ابوظہبی میں کھیلے جائیںگے، لیگ کا فائنل میچ 10 نومبر کو کھیلا جائیگا اور لیگ میں فائنل سمیت 53 میچز کھیلے جائیںگے۔ٹورنامنٹ انتظامیہ کے مطابق یہ ایونٹ رواں سال 29 مارچ سے بھارت میں شیڈول تھا لیکن عالمی وبا کورونا وائرس کی وجہ سے 15 اپریل تک ملتوی کر دیا گیا تھا۔ہندوستانی وزیر اعظم نریندر مودی کے 14 اپریل کو اس اعلان کے بعد کہ بھارت میں لاک ڈاون کم از کم 3 مئی 2020ء تک جاری رہیگا، بی سی سی آئی نے ٹورنامنٹ کو غیر معینہ مدت کیلیے معطل کردیا۔ 2 اگست 2020ء کو اس بات کی تصدیق ہوگئی کہ یہ ٹورنامنٹ 19 ستمبر سے 10 نومبر 2020ء کے درمیان متحدہ عرب امارات میں کھیلا جائیگا۔