بھارت لداخ میں اشتعال انگیزی سے باز آئے‘ چین کا انتباہ

401
لداخ: چینی فوج کے ساتھ جھڑپ میں ہلاک ہونے والے افسر کی لاش آبائی علاقے منتقل کی جارہی ہے

بیجنگ (انٹرنیشنل ڈیسک) چین اور بھارت کی سرحد پر دونوں ممالک کے فوجیوں کے درمیان لداخ سیکٹر میں پیر ک روز ہونے والی کشیدگی کی خبروں کے بعد چین نے بھارت کو متنبہ کیا ہے کہ وہ ان علاقوں سے اپنے فوجیوں کو فوراً واپس بلائے جہاں انہوں نے دراندازی کی ہے۔ چین نے کہا ہے کہ نئی دہلی سرحدی فوجیوں کو قابو میں رکھے، ایل اے سی کی اشتعال انگیز خلاف ورزی بند کرے اور ان علاقوں سے اپنے فوجیوں کو واپس بلائے۔ واضح رہے کہ ایک روز قبل ہی بھارتی وزارت دفاع نے ایک بیان میں دعویٰ کیا تھا کہ پینگونگ سو جھیل کے جنوبی کنارے پر بھارتی زمین پر قبضہ کرنے کی چینی کوشش کو پسپا کر دیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں نئی دہلی میں چینی سفارتخانے کی طرف سے جاری سخت بیان میں کہا گیا ہے کہ بھارتی فوجیوں نے پینگونگ سو جھیل کے جنوبی کنارے پر درہ ریکین کے نزدیک غیر قانونی طور پر ایل اے سی کی خلاف ورزی کی ہے۔ بھارت کی اس حرکت سے دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی ختم کرنے کے لیے جو معاہدہ طے پایا تھا اس کی خلاف ورزی ہوئی ہے اور بھارت چین سرحد پر امن وامان کو زبردست نقصان پہنچا ہے۔ بیجنگ میں چین کی وزارت خارجہ کی ترجمان ہوا شویینگ نے منگل کے روز نیوز کانفرنس میں بھارت پر الزام لگایا ہے کہ اس کے فوجیوں نے معاہدے کی خلاف ورزی کی۔ چین نے کبھی جنگ کو ہوا نہیں دی ہے اور نہ کسی کی زمین پر قابض ہوا ہے۔