بارشوں سے اہل کراچی پر قیامت گزر گئی اور حکومت بیان بازی میں مصروف رہی، مفتی منیب الرحمان

356

کراچی(اسٹاف رپورٹر)رویت ہلال کمیٹی چیئرمین مفتی منیب الرحمان نے کہا ہے کہ حالیہ بارشوں کے باعث اہل کراچی پر قیامت گزر گئی اوروفاقی اور صوبائی حکومت عوام کی مدد کے بجائے بیان بازی میں مصروف رہی ہیں۔

تفصیلات کے مطابق رویت ہلال کمیٹی چیئرمین مفتی منیب الرحمان کی جانب سے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ حکمرانوں نے کراچی کا دورہ مدد نہیں بلکہ فوٹو سیشن کی نیت سے کیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ شہر میں کےالیکٹرک کی من مانیاں جاری ہیں جبکہ شہرمیں بجلی کا نظام مکمل طور پر ناکام ہوچکا ہے اور حکومت ادارے پر ہاتھ ڈالنے سے گریز کررہی ہے۔

مفتی منیب الرحمان کا کہنا تھا کہ اہل کراچی پر ایک قیامت گزری جبکہ وفاق ، صوبائی اور مقامی حکومتوں نے ایک دوسرے پر الزام تراشی کی۔

انہوں نے کہا ہے کہ اس سال مون سون کا سسٹم غیر معمولی تھا جس کے باعث بعض علاقوں سے کشتیوں سے لوگوں کو نکالا گیا، بعض لوگوں کی لاشیں نالوں سے ملی اور یہ انسانیت کے لیے شرمناک ہے لیکن وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے بلیم گیم کا سلسلہ جاری رہا۔

انہوں نے کہا کہ شہر کا انفراسٹرکچر تباہ ہوچکا ہے اسی لئے وزیراعظم سے مطالبہ ہے کہ کراچی کی بحالی کے لیے فوری منصوبہ بنائے جائیں۔انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعظم کراچی کے لیے تاریخی پیکج کا اعلان کریں۔