بھارتی فوج نے 20 کشمیریوں کو شہید کردیا

377

قابض بھارتی فوج نے جنت نظیر وادی مقبوضہ کشمیر میں گزشتہ ماہ نام نہاد سرچ آپریشن کے دوران 20 کشمیریوں کو شہید کیا۔

کشمیرمیڈیا سروس کی ایک رپورٹ کے مطابق ماہ اگست میں مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی فوج نے ریاستی دہشتگردی کرتے ہوئے نام نہاد آپریشن کے نام پر 20 کشمیریوں کو شہید کیا جبکہ شہدا میں خاتون سمیت 2 کم عمر نوجوان بھی شامل ہیں۔

کے ایم ایس کے مطابق مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی ریاستی دہشت گردی کا سلسلہ جاری ہے گزشتہ ماہ پرامن مظاہروں میں 92 کشمیری شدید زخمی ہوئے جبکہ بھارتی فوج نے 8 گھروں کو تباہ کردیا اور 5 خواتین کے ساتھ بدسلوکی کے واقعات رپورٹ ہوئے۔

کشمیر میڈیا سروس کی رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ حریت رہنماؤں سمیت 328 کشمیری نوجوانوں کو کالے قانون کے تحت حراست میں لیا گیا ہے۔

خیال رہے کہ 5 اگست 2019 کو بھارت نے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی اور الگ حیثیت کا خاتمہ کرکے اسے بھارت کا غیر قانونی طور پر حصہ بنا لیا تھا، مقبوضہ وادی پر قابض بھارت کے کرفیو کو ایک سال سے زائد ہوچکا ہے۔