غزہ میں جنگ بندی کی کوشش بند گلی میں پہنچ گئی

551

مقبوضہ بیت المقدس (انٹرنیشنل ڈیسک) غزہ میں اسرائیلی جارحیت اور مزاحمت کاروں کے ٹھکانوں پر مسلسل حملوں کے دوران جنگ بندی کے لیے مصر کی ثالثی میں ہونے والی بات چیت ناکام ہونے کے امکانات بڑھ گئے ہیں۔ مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق اسرائیل کے عبرانی ریڈیو نے اعلیٰ حکومتی عہدیدار کے حوالے سے انکشاف کیا ہے کہ اسرائیل اور حماس کے مابین تنازع کے نتیجے میں مصری ثالث مایوس ہو گئے ہیں اور اگر فریقین غزہ کے مسئلے کے حل تک نہیں پہنچ سکے تو ہم لڑائی کے دوسرے مرحلے کی راہ پر گامزن ہو سکتے ہیں۔ دوسری جانب اسرائیلی پابندیوں اور مسلسل حملوں کے کے خلاف بطور احتجاج فلسطین کے علاقے غزہ کی پٹی سے یہودی بستیوں میں پھینکے گئے آتش گیر غباروں کے نتیجے میں 33 مقامات پر آگ بھڑک اٹھی، جس کے نتیجے میں جنگلات، فصلوں اور دیگر املاک کو نقصان پہنچا۔ علاوہ ازیں فلسطین کی نیشنل پروگریسیو موومنٹ کے سیکرٹری جنرل مصطفی البرغوثی نے کہا ہے کہ اسرائیل کی جانب سے 14 سال سے جاری غزہ کی ناکا بندی کے خاتمے کے لیے جامع اور عالمی گیر مہم شروع کی جائے۔