علما یوم عاشور پر امن برقرار رکھنے کے لیے کردار ادا کریں، لیاقت بلوچ

142

لاہور (نمائندہ جسارت)نائب امیر جماعت اسلامی و سیکرٹری جنرل ملی یکجہتی کونسل لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ تمام مسالک کے علما یوم عاشورپرامن ، وحدت ،احترام اور تقدس برقرار رکھنے کے لیے اپنا کردار ادا کریں ۔چند غیر ذمے دار افراد کے نفرت انگیز بیانات اور غیر ذمے دارانہ رویوں کی بنیاد پراجتماعی ماحول ،امن اور تقدس تباہ نہ کرنے دیا جائے ۔تمام مسالک کے دینی مشترکات کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانون بھی متحرک اور اہل سنت اور اہل تشیع کے ذمے داران اور قائدین بھی غیر ذمے دار افراد کی بیخ کنی اور حوصلہ شکنی کریں۔لیاقت بلوچ سے علما اہل سنت و اہل تشیع کے وفود نے ملاقات کی اور محرم الحرام کے موقع پر امن و امان کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔لیاقت بلوچ نے کہا کہ آل رسول ؐ اور شہدائے کربلا کے ساتھ محبت و عقیدت کا اظہا رہر مسلمان کے ایمان کا تقاضا ہے اور یہ تمام اہل ایمان کا مشترکہ سرمایہ ہے۔ امام حسین ؓ نے عظیم قربانی دیکر باطل و طاغوتی قوتوں کے خلاف تاقیامت جدوجہدکا راستہ متعین کردیا ہے۔ فروعی معاملات کے بجائے آ ج پوری امت کو بڑے مقاصد اور اتحاد امت کے جذبوں کو ترجیح اول بنا نا ہوگا۔لیاقت بلوچ نے جے آئی یوتھ کے نوجوانوں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جماعت اسلامی نے ہمیشہ گروہ بندیوں کے مقابلے میں نظریاتی ،اصولی اور امانت و دیانت کی سیاست کی ہے ۔اتحاد امت اور عدل و انصاف کا نظام ہی بحرانوں سے نجات دلاسکتا ہے ۔ہر دور میں ریاستی نظام نے نوجوانوں کو نظر انداز کیا ہے ۔جاگیر داری و سرمایہ داری ،مفاد پرستی اور کرپٹ مافیا کے خلاف نوجوان جماعت اسلامی کا پرچم تھام کران شاء اللہ پاکستان کو اسلامی و خوشحال اور فلاحی مملکت بنائیں گے ۔نوجوانوں نے ہمیشہ حق و انصاف کے لیے ظلم و جبر کے خلاف جرأت و استقامت کا مظاہرہ کیا ہے ۔ مغربی آمریتوں ،شریف و بھٹو خاندانوں کے بعد عمران خان بھی ناکام ہیں ۔متبادل صرف آزادانہ ، غیر جانبدارانہ اور شفاف انتخابات کے ذریعے ابھرے گا۔ریاستی ادارے عوام کے حقیقی فیصلے کو قبول کریں۔عوام اور ریاست کا اعتماد کی بنیاد پر ایک پیج پر آنے سے ہی ملک مضبوط ،محفوظ اور طاقتور ہوگا ۔