شہدائے کربلا نے اپنے خون سے غلبہ دین کی تحریر لکھی ‘ حافظ ادریس

133

لاہور (نمائندہ جسارت)جماعت اسلامی کے رہنما حافظ محمد ادریس نے کہا ہے کہ حضرت امام حسین ؓ نے یزید کی بیعت سے انکار کرکے امت کو طاغوتی طاقتوں کے سامنے جھکنے کے بجائے ان کے سامنے ڈٹ جانے کا درس دیا۔کربلا کے شہدا نے اپنے خون سے غلبہ دین کی تحریر لکھی ہے ۔آج حق و باطل کے معرکے میں پیچھے رہنے اور ظالم و جابر سلطان کے سامنے کلمہ حق نہ کہنے والوں کو اپنے ایمان کی فکر کرنی چاہیے ۔حضرت امام حسین ؓ نے جس عظیم مقصد کے لیے اپنی اور اپنے 72 ساتھیوں کی جانوں کی قربانی پیش کی ہمیں بھی اسی مقصد کو ہمیشہ اپنے سامنے رکھنا ہوگا۔پاکستان کو ایک اسلامی و خوشحال فلاحی مملکت بنانے کے لیے کربلا کے اس عظیم سبق کو یاد رکھنا اور اپنی آئندہ نسلوں کو بھی پڑھاناہوگا۔ ان خیالات کا اظہارانہوں نے جامع مسجد منصورہ میں جمعے کے بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔حافظ محمد ادریس نے کہاکہ کربلا کا سانحہ قیامت تک زندہ رہے گا اور اہل ایمان کو ان کے اصل فرض سے آگاہ کرتا رہے گا جب تک طاغوت کی حکمرانی کا خاتمہ نہیں ہوجاتا اور زمین پر اللہ کا نظام غالب نہیں آجاتا اس وقت تک طاغوتی قوتوں کے خلاف سینہ سپر رہنا ہی ایمان کی اصل نشانی ہے اور یہی میدان کربلا کا درس ہے ۔انہوں نے کہا کہ قیام پاکستان کے حقیقی مقصد کو حاصل کرنے کے لیے ایک عظیم جدوجہد اور تحریک کی ضرورت ہے ۔قیام پاکستان کے لیے لاکھوں مسلمانوں نے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کیے اور ہجرت کرنے والوں نے اپنا سب کچھ پاکستان پر لٹا دیا تاکہ وہ مدینے کے بعد لا الٰہ الا اللہ کے نظام والی دوسری مملکت میں اسلام کے مطابق اپنی زندگیاں گزار سکیں مگر 70سال سے اس پر طاغوتی قوتیں مسلط ہیں جنہوں نے ایک دن کے لیے بھی یہاں اللہ کا نظام قائم نہیں ہونے دیا ۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حکمرانوں نے ریاست مدینہ کا نعرہ لگاکر عوام کو دھوکا دیا اور ظلم و جبر کے اسی نظام کو مسلط رکھاجس کے خلاف پاکستان بنانے والوں نے ایک منظم تحریک چلائی تھی ۔