پاک سعودی تعلقات مزید مضبوط ہونگے، نور الحق

179
اسلام آباد: وفاقی وزیر مذہبی امور پیر نورالحق قادری سعودی سفیر نواف المالکی سے ملاقات کررہے ہیں

اسلام آباد (آن لائن) وفاقی وزیر مذہبی امور پیر نور الحق قادری نے کہا ہے کہ مستقبل قریب میں پاک سعودی تعلقات مزید مضبوط ہوں گے، پاک سعودی تعلقات مذہبی اخوت و تعاون کے مضبوط رشتوں میں جڑے ہوئے ہیں، جبکہ سعودی سفیر نواف المالکی نے کہا کہ ولی عہد محمد بن سلیمان خود کو سعودی عرب میں پاکستان کا سفیر سمجھتے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق بدھ کو وفاقی وزیر مذہبی امور پیر نور الحق قادری سے سعودی سفیر نواف المالکی نے ملاقات کی جس میں دوطرفہ تعلقات سمیت مختلف امورپر تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر پیر نور الحق قادری نے کہاکہ پاکستانی
عوام خادم حرمین شریفین کی جلد صحت مندی کے لیے دعا گو ہے۔پیر نور الحق قادری نے کہاکہ پاکستانی عوام کے دل حرمین شریفین کی محبت میں دھڑکتے ہیں ،کورونا وبا کے دوران محفوظ حج کروانے پر خادم حرمین شریفین کو مبارکباد کے مستحق ہیں۔ وزیر مذہبی امور نے کہاکہ آنے والے وقتوں میں پاک سعودی تعلقات مزید مضبوط ہوںگے۔ سعودی سفیر نے کہاکہ خادم حرمین شریفین اور سعودی ولی عہد پاکستان کو اپنا دوسرا گھر سمجھتے ہیں۔نواف المالکی نے کہاکہ سعودی ولی عہد محمد بن سلیمان خود کو سعودی عرب میں پاکستان کا سفیر سمجھتے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ عمرہ زائرین کے لیے ضابطہ اخلاق اور احتیاطی تدابیر کی تیاری کے بعد عنقریب عمرہ کا آغاز ہو گا۔