حکومت کا دوبرس میں تبدیلی کاسارا بخار اترچکا ہ ،جاوید قصوری

248

لاہور (نمائندہ جسارت) امیر جماعت اسلامی صوبہ وسطی پنجاب و صدر ملی یکجہتی کونسل پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ حکومتی کارکردگی ہر لحاظ سے انتہائی مایوس کن ہے، دو سال میں تبدیلی کا سارا بخار اتر چکا، کھوکھلے نعرے لگانے والوں سے بھی نجات کا وقت آن پہنچا ہے۔ عوام نے پیپلز پارٹی، مسلم لیگ ن اور تحریک انصاف تینوں کو آزما لیا مگر کسی نے بھی عوام کی فلاح وبہبود کے لیے کچھ نہیں کیا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز مختلف تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ اشیا خورونوش کی قیمتیں آسمان سے باتیں کر رہی ہیں۔ مہنگائی کی شرح میں کئی گنا اضافہ ہوچکا ہے۔ آٹے، گھی، چینی اور دیگر بنیادی ضروریات زندگی کی چیزیں غریب عوام کی قوت خرید سے باہر ہوچکی ہیں۔ عوام سوال پوچھتے ہیں کہ کہاں ہے وہ ایک کروڑ نوکریاں اور پچاس لاکھ گھر جن کا وعدہ انتخابات سے قبل کیا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ملک وقوم کی بدقسمتی رہی ہے کہ 74 برسوں میں کوئی بھی ایسی حکومت برسراقتدار نہیں آئی، جس میں جاگیرداروں، سرمایہ داروں اور وڈیروں کی شمولیت نہ ہو۔ ملک میں چہرے بدلتے ہیں نظام نہیں۔ عوامی ووٹ لے کر آنے والوں نے ظالمانہ نظام کے خاتمے کے بجائے اسے مضبوط کیا۔ پارلیمنٹ اپنا وقار کھوچکی ہے۔ عوام موجودہ حکمرنوں کے مسلسل جھوٹ سے تنگ آگئے ہیں۔ محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہا کہ جس احتساب کا نعرہ حکمرانوں نے بلند کیا تھا وہ متنازع ہوچکا ہے۔ محکمے تباہ حال ہیں اور کرپٹ عناصر نے اپنے اپنے ریٹ مقرر کر رکھے ہیں۔ جب تک اس استحصالی نظام سے چھٹکارا حاصل نہیں کرتے اس وقت تک ملک میں تبدیلی نہیں آسکتی۔ 22 کروڑ عوام کے صبر کا پیمانہ لبریز ہوچکا ہے۔