احسن اقبال غلطی سے احتساب عدالت پہنچ گئے

499

مسلم لیگ (ن) کے رہنما احسن اقبال اپنے کیس کی سماعت سے ایک روز قبل ہی غلطی سے احتساب عدالت پہنچ گئے۔

احسن اقبال نارووال اسپورٹس سٹی ریفرنس میں پیشی کے لیے عدالت پہنچے جس پر عدالت کے عملے نے انہیں بتایا کہ آپ آج غلطی سے احتساب عدالت آگئے، آپ کے کیس کی سماعت تو کل 26 اگست کو ہے۔

یہ سنتے ہی احسن اقبال کو غلطی کا احساس ہوا اور وہ واپس چلے گئے۔

اس سے قبل 21 جولائی کو احتساب عدالت کے جج محمد بشیر کی عدالت میں زیرِ سماعت احسن اقبال کے خلاف نارووال اسپورٹس سٹی کرپشن کیس میں ریفرنس دائر نہ ہونے پر سماعت بغیر کارروائی کے 26 اگست تک ملتوی کردی تھی۔

عدالت نے استفسار کیا تھا کہ نارووال اسپورٹس سٹی کا ریفرنس کہاں ہے؟ جس پر نیب نے مہلت کی استدعا کرتے ہوئے کہا کہ نارووال اسپورٹس سٹی کرپشن ریفرنس منظوری کے لیے نیب ہیڈ کوارٹرز بھجوا دیا ہے۔

ادھر نیب نے نارووال اسپورٹس سٹی کرپشن کیس میں احسن اقبال کے خلاف ریفرنس تیار کرلیا ہے جس میں احسن اقبال کو مرکزی ملزم نامزد کردیا۔

نیب ذرائع کے مطابق احسن اقبال نیب آرڈیننس کی دفعہ 9 کے تحت کرپشن کے مرتکب ہوئے، احسن اقبال کے کرپشن میں ملوث ہونے کے ٹھوس شواہد موجود ہیں،احسن اقبال نے صوبائی حکومت کے منصوبے کو ہائی جیک کرکے اضافی فنڈز خرچ کیے۔