فلپائن میں بم دھماکے‘11 افراد ہلاک‘درجنوں زخمی

314
فلپائن: بم دھماکے میں ہلاک اور زخمی ہونے والے فوجیوں کو جائے وقوع سے منتقل کیا جارہا ہے

منیلا (انٹرنیشنل ڈیسک) فلپائن میں2 بم دھماکوں میں 11 افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہو گئے۔ خبر رساں اداروں کے مطابق صوبائی دارلحکومت مولو میں ہونے والے دھماکوں میں ایک خاتون خودکش بمبار بھی ہلاک ہوئی۔ پہلا دھماکا دوپہر 12 بجے کے وقت ایک مصروف سڑک پر اشیائے خور و نوش کی فروخت کے مرکز کے باہر ہوا جب کہ اس کے ایک گھنٹے بعد 100 میٹر کے فاصلے پر دوسرا دھماکاہوا جس میں چرچ کو نشانہ بنایا گیا۔ دونوں دھماکوں میں کم از کم 11 افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہوئے ہیں جن میں اکثریت پولیس اور فوج کے اہل کاروں کی ہے۔ عسکری حکام کا کہنا ہے کہ دھماکوں کی منصوبہ بندی منڈی سوادجان نے کی ہے جو کہ جنوری 2019ء میں کیتھولک چرچ پر دھماکے میں بھی ملوث ہے، جس میں گزشتہ برس 19 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔ فلپائن میں امدادی تنظیم ریڈ کراس کے سربراہ کے مطابق دھماکا خیز آلات سے لیس موٹر سائیکل ایک فوجی ٹرک کے قریب جاکر پھٹ گئی۔ پہلے دھماکے میں 5 فوجی اور 4 عام شہری ہلاک ہوئے۔ دونوں حملوں میں کم از کم 24 افراد زخمی ہوئے۔ آخری اطلاعات تک کسی گروہ کی جانب سے حملے کی ذمے داری قبول نہیں کی گئی۔