فلپائن میں خاتون خودکش بمبار کے حملے میں 8 فوجیوں سمیت 14 ہلاک

717

مانیلا:جنوبی فلپائن کے شہر جولو میں یکے بعد دیگرے ہونے والے دو خوفناک دھماکوں میں 8فوجی اہلکاروں سمیت 14 افراد ہلاک جبکہ 75زخمی ہوگئے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق فلپائن کے صوبے سولوکےدارالحکومت میں  پہلا دھماکا دوپہر 12 بجے کے وقت ایک مصروف سڑک پر گروسری اسٹور کے باہر ہوا،جس میں 5 فوجی اہلکار اور 4 شہری ہلاک ہوگئے۔

جیسے ہی لیفٹننٹ جنرل کارلیٹو ونلیوان دھماکے کی جگہ پر پہنچے تو ایک مبینہ خاتون خود کش بمبار نے خود کو دھماکے سے اُڑا لیا جس میں لیفٹننٹ جنرل ہلاک ہوگئے۔

دونوں دھماکوں میں سیکیورٹی فورسز کے اہلکار 8 اور 6 سویلین ہلاک ہوئے، جبکہ زخمی ہونے والوں کی مجموعی تعداد 75 ہے، جن میں 48 سویلین اور 27 فوجی اہلکار شامل ہیں ۔

دھماکوں کی ذمہ داری تاحال کسی گروپ نے قبول نہیں کی ہے تاہم اس علاقے میں ابوسیاف نامی شدت پسند جماعت کافی سرگرم ہے جو خود کو داعش کے اتحادی ہونے کا دعویٰ بھی کرتی ہے۔

دھماکے اس مقام پر ہوئے جہاں گزشتہ برس ایک کیتھولک چرچ میں دھماکے سے 20 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔