قوم کو وعدوں سے بہلانے کا وقت گزرچکا‘سراج الحق

475
لاہور: امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق کی زیر صدارت منصورہ میں سید مودودی ؒ میموریل ٹرسٹ کا اجلاس ہورہاہے

لاہور (نمائندہ جسارت) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ حکومت نے احتساب کو مذاق بنا کر اپنے دعویٰ احتساب کا خانہ خراب کر دیا ہے جن کو کٹہرے میں ہونا چاہیے تھا وہ اقتدار میں ہیں‘ قوم کو صرف وعدوں سے بہلانے کا وقت گزر چکا‘ جن لوگوں نے ملک کو لوٹا تھا‘ نیب اب تک ان سے ایک روپیہ بھی نہیں نکلوا سکا۔ منصورہ میں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی نے ملک میں بے لاگ احتساب کے لیے ایک طویل تحریک چلائی جس میں کرپشن کے 150میگا اسکینڈلز میں ملوث لوگوں اور پاناما لیکس کے 436 ملزمان کے احتساب کا مطالبہ کیا گیا لیکن آج تک نیب نے ان کو پوچھا تک نہیں اور حکومت نے احتساب کے اس پورے معاملے کو سیاست کی نظر کردیا ۔ اب نیب فیصلے بعد میں دیتا ہے‘ پہلے وزرا اس کا اعلان کر دیتے ہیں کہ یہ فیصلہ ہونے والا ہے‘ اب تو عدالت عظمیٰ نے بھی کہہ دیا ہے کہ نیب سیاسی مخالفین کو ہراساں کرنے، جماعتوں کو توڑنے اور مخالفین کا بازو مروڑنے کے لیے استعمال ہو رہا ہے۔