کراچی میں آج موسلا دھار بارش برسنے کا امکان، اربن فلڈنگ کا بھی خطرہ

912

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی میں آج بھی گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارش کا امکان ہے جب کہ اربن فلڈنگ کا بھی خطرہ ہے۔

ڈائریکٹر میٹ آفس عبدالقیوم بھٹو کے مطابق شہرِ قائد میں آج گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ جب کہ کہیں معتدل اور کہیں تیز بارش ہوسکتی ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ مون سون کا حالیہ اسپیل منگل تک وقفے وقفے سے جاری رہ سکتا ہے۔

ڈائریکٹر عبدالقیوم بھٹو کا کہنا ہے کہ کراچی کے کچھ علاقوں میں 100 ملی میٹر سے زائد بارش ہوسکتی ہے،  بارش کی شدت زیادہ ہوسکتی ہے۔ جب کہ اربن فلڈنگ کا بھی خطرہ رہے گا۔

گزشتہ روز کراچی میں ہونے والی بارش میں سب سے زیادہ بارش سرجانی ٹاؤن میں 170 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی جب کہ نیو کراچی میں 88 ملی میٹر  اور ناظم آباد میں 85 ملی میٹر سے زیادہ بارش ریکارڈ کی گئی۔

تاہم بارش کے دوران کرنٹ لگنے، آسمانی بجلی گرنے اور ڈوبنے سے 8 شہری جاں بحق ہوگئے۔