زمبابوے کرکٹ ٹیم دورہ پاکستان کے لیے راضی

692

کراچی: کورونا وبا کےبعد کرکٹ بحالی، زمبابوے کرکٹ بورڈ نے اکتوبر میں دورہ پاکستان کا عندیہ دے دیا ۔

زمبابوے کرکٹ ٹیم اکتوبر میں پاکستان آنے کے لیے پرامید ہے ،کورونا وائرس کے باعث افغان کرکٹ بورڈ نےدورہ ملتوی کردیا تھا، رواں ماہ افغانستان کو ہرارے میں 5ٹی 20میچز کی سیریز کھیلنا تھی۔

میڈیا سے بات چیت میں زمبابوے کرکٹ کے کمیونیکیشنز منیجر ڈارلنگٹن ماجونگا نے کہاکہ ہمیں اس ٹور کیلیے اپنی حکومت سے کلیئرنس درکار ہوگی، ہم نے اس سے قبل افغانستان سے ہوم سیریز کیلیے سخت پابندیوں میں نرمی کے حوالے سے حکومت سے رابطہ کیا تھا،مگر کورونا وائرس کیسز سامنے آنے کی وجہ سے حکومت نے مشورہ دیا تھا کہ فی الحال ہمارا ملک غیرملکی ٹیموں کی میزبانی کیلیے تیار نہیں ہے۔

انھوں نے مزید کہا کہ کرکٹ کے حوالے سے ہماری امید ختم نہیں ہوئی، زیڈ سی اکتوبر میں ٹیم پاکستان بھیجنے کے حوالے سے حکومت سے کلیئرنس لےگا، مختلف ٹیمیں پاکستان کا ٹور کرچکیں اور ہماری بھی اس حوالے سے پی سی بی کے ساتھ بات چیت جاری ہے مگر اس کا انحصار حکومتی اجازت پر ہے۔

یاد رہےکہ پاکستان کو رواں برس اکتوبر میں 3 ون ڈے اور اتنے ہی ٹی 20 میچز کیلیے زمبابوے کی میزبانی کرنا ہے، ون ڈے سیریز مینز کرکٹ ورلڈ کپ سپر لیگ کا حصہ ہوگی،اس کا آغاز 30 جولائی سے انگلینڈ اور آئرلینڈ کے درمیان سیریز سے ہوچکا، یہ 2023 کے ورلڈکپ کا کوالیفائنگ ایونٹ ہے۔