‘اظہر اور اسد کو ڈراپ کرنے میں جلد بازی نہ کی جائے’

461

لیجنڈری بیٹسمین جاوید میانداد نے کہا ہے کہ قومی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان اظہر علی اور اسدشفیق کو ڈراپ کرنے کا فیصلہ جلد بازی پر مبنی ہوگا۔

انگلش میڈیا کو دیے گئے انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ اظہر علی اور اسد شفیق کو ڈراپ کرنے میں جلد بازی نہ کی جائے، دونوں بلے بازوں کی مایوس کن کارکردگی پر تنقید تو کی جارہی ہے لیکن ان کا اعتماد بحال نہیں کیا جارہا ہے۔

جاوید میانداد کا کہنا تھا کہ قومی ٹیم کا کوچنگ اسٹاف صرف اپنی تنخواہویں بنانے میں لگا ہوا ہے انہیں کھلاڑیوں کی کارکردگی کی کوئی فکر نہیں، کوچنگ اسٹاف اظہر علی اور اسدشفیق کا اعتماد بحال کرانے پر توجہ نہیں دے رہے انہیں صرف اپنے پیسے کمانے سے غرض ہے، مجھے امید ہے اگر دونوں بلے بازوں کا اعتماد بحال کرانے پر کام کیا گیا تو اس کے اچھے نتائج حاصل ہوں گے۔

انہوں نے مزید کہا ہے کہ پاکستان وہ بدقسمت ملک ہے جہاں قیادت تیار نہیں کی جاتی بلکہ ضرورت کے تحت کسی کو بھی دے دی جاتی ہے، اظہر علی کو کپتان بھی اس لیے بنایا گیا کہ اور کوئی آپشن نہیں تھا، یہ طریقہ کار ٹھیک نہیں ہے۔