مستقبل کی جنگ لڑررہے ہیں،سر نہیں جھکائیں گے،اردوان

655
انقرہ: ترک صدر رجب طیب اِردوان دارالحکومت میں تقریب سے خطاب کررہے ہیں

انقرہ ؍ کراکس (انٹرنیشنل ڈیسک) ترک صدر رجب طیب اِردوان نے کہا ہے کہ ہم مشرقی بحیرہ روم میں اپنے حقوق سے انکار کرنے والوں کے سامنے سر نہیں جھکائیں گے۔ لیبیا تک کے علاقے میں جاری ہماری کوششیں صرف ملکی مفادات ہی نہیں، ہمارے مستقبل کی جنگ ہے اور کوئی بھی طاقت اس علاقے میں موجود تیل اور گیس کے وسائل سے ہمیں محروم نہیں رکھ سکتی۔ خبر رساں اداروں کے مطابق انقرہ میں باشقند صنعتی زون میں کالیون گونیش نامی ٹیکنالوجی فیکٹری کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر اِردوان نے مزید کہا کہ عالمی وبا کے باعث متاثرین کی تعداد میں اضافہ ضرور ہوا ہے، تاہم ترکی میں کورونا کی صورت حال قابو میں ہے۔دوسری جانب ترک وزیر خارجہ مولود چاوش اولو نے یورپی یونین کے ہائی کمشنر برائے خارجہ تعلقات و سلامتی پالیسی جوزف بوریل سے ٹیلی فونک رابطہ کیا اور بحیرہ روم میں تیل و گیس کی تلاش سمیت مختلف موضوعات پر تبادلہ خیال کیا۔ علاوہ ازیں ترک وزیر خارجہ نے وینزویلا میں اپنے ہم منصب جارج آریازا کے ساتھ ملاقات کی۔ ترک میڈیا کے مطابق دونوں رہنماؤں نے تجارت، زراعت، تعلیم اور سیاحت سمیت کئی شعبوں میں دونوں ممالک کے مفادات اور روابط کے فروغ پر اتفاق کیا۔