افغان دارالحکومت میں یوم آزادی سے قبل راکٹ حملے، متعدد زخمی

404

کابل: افغانستان کے دارالحکومت کابل میںافغان یوم آزادی سے ایک روزقبل صدارتی محل، سفارتی ضلع اور دیگر ملحقہ علاقوں میں 14 راکٹ حملوں میں 4 بچوں اور ایک خاتون سمیت 10 افراد زخمی ہو گئے ہیں۔

افغان میڈیا کے مطابق وزارت داخلہ کے ترجمان طارق آریان نےدارالحکومت میں راکٹ حملوں کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ صبح 9 بجکر 36 منٹ کے قریب پولیس ضلع 8 اور پولیس ضلع17 کے 2  مقامات سے شہر کے مرکز کی جانب 14 راکٹ فائر کیے گئے۔

انہوں نے کہا کہ زیادہ تر راکٹ رہائشی گھروں پر گرے جس سے 10 افراد زخمی ہوگئے۔ حملے میں صدر اشرف غنی کے 6 سیکیورٹی اہلکار بھی زخمی ہوئے۔

مقامی میڈیا کی وڈیو میں راکٹ سے تباہ شدہ متعدد گاڑیاں اور گھر دکھائے گئے ہیں اور ابتدائی اطلاعات کے مطابق راکٹ پولیس اضلاع 1،2،9،10 اور 16 میں گرے ۔دھماکے سے متعدد مقامات پر آسمان پر دھویں کے گہرے بادل چھا گئے اور خوف و ہراس پھیل گیا۔

ترجمان کے مطابق راکٹ حملے کے بعد وفاقی پولیس نے 2 مشتبہ دہشتگردوں کو گرفتار کرلیا ہے، تاہم ابھی تک کسی بھی گروہ نے حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔