امریکی شہر سنسناٹی میں رات بھر فائرنگ ،4 افراد ہلاک

346
کولمبس: امریکی شہر سنسناٹی میں فائرنگ کے بعد پولیس نے علاقے کو گھیر رکھا ہے، زد میں آنے والے مقامات کو سیل کرکے تفتیش کی جا رہی ہے

کولمبس (انٹرنیشنل ڈیسک) امریکی ریاست اوہائیو کے شہر سنسناٹی میں مختلف مقامات پر فائرنگ کرکے 18 افراد کو نشانہ بنایاگیا، جن میں سے 4 ہلاک ہوگئے۔ پولیس حکام کے مطابق تمام واقعات رات گئے پیش آئے۔ سنسناٹی کے علاقے شلفونٹ پیلس میں 21سالہ نوجوان پر فائرنگ کی گئی، جس کے بعد اسے شدید زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم وہ جانبر نہ ہوسکا۔ اسی علاقے میں فائرنگ کے دیگر 3واقعات میں مزید زخمیوں کو بھی اسپتال منتقل کیا گیا۔ واقعے کے کچھ دیر بعد رات 2بجے شہر کے ایک اور علاقے اوور دا رہین میں 10افراد کو گولی مار کر زخمی کردیا گیا۔ ان میں سے ایک موقع ہی پر دم توڑ گیا اور دوسرا سنسناٹی یونیورسٹی کے میڈیکل سینٹر میں موت کے منہ میں چلا گیا۔ دونوں کی عمریں 34سال اور 30سال بتائی گئی ہیں۔ پولیس نے ایک اور علاقے والنٹ ہلز میں فائرنگ کی تصدیق کی ہے۔ حکام کے مطابق تمام واقعات 60 سے 90 منٹ کے دورانیے میں پیش آئے۔ اسسٹنٹ پولیس چیف پال نیوڈی گیٹ نے صحافیوں کو بتایا کہ بظاہر یہ الگ الگ واقعات ہیں، لیکن بہت خوف ناک ہیں۔ پولیس نے فائرنگ کے چوتھے واقعے کی تفصیل جاری نہیں کی، تاہم مقامی میڈیا کے مطابق یہ شہر کے علاقے ویسٹ اینڈ میں پیش آیا، جہاں صبح کے وقت ایک شخص کو گولی مار دی گئی اور موقع ہی پر اس کی موت واقع ہوگئی۔ ادھر نامعلوم حملہ آوروں کے بارے میں فوری طور پر کوئی پیش رفت سامنے نہیں آئی۔ پولیس سربراہ ایلیٹ آئزک نے پرتشدد واقعات کو ناقابل قبول قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہمیں اس پر خاموش نہیں بیٹھ رہنا چاہیے۔