متحدہ عرب امارات نے اسرائیل کو تسلیم کرلیا

1322

متحدہ عرب امارات نے اسرائیل کو تسلیم کرلیا، یو اے ای اور اسرائیل کے درمیان وفود کی سطح پر مذاکرات جلد ہونگے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کےمطابق ابوظہبی کے ولی عہد شیخ محمد بن زایدالنہیان اور اسرائیلی وزیر اعظم نے اتفاق کیا ہے کہ متحدہ عرب امارات اور اسرائیل کے درمیان سیکیورٹی اور توانائی شعبے میں تعاون کو فروغ دیا جائے گا۔

دونو ممالک کئی شعبوں میں پہلے ہی تعاون کرتے آئیں ہیں،فریقین اسرائیل فلسطین تنازع پر قرارداد کے حصول کے لیے کوششیں جاری رکھیں گے، اسرائیل اور یو اے ای ایک دوسرے کے ملک میں سفارتخانے کھولیں گے، دونوں ممالک کے وفود آئندہ ہفتوں میں دوطرفہ معاہدوں پر دستخط کریں گے۔

دونو ں ممالک کے وفود سرمایہ کاری ، سیاحت ، براہ راست پروازوں اور سیکیورٹی شعبوں میں معاہدے پر دستخط کریں گے،ٹیلی مواصلات ، ٹیکنالوجی ، توانائی، صحت ، ثقافت اور ماحولیات سمیت دیگر شعبوں سے متعلق بھی معاہدے ہونگے۔

اسرائیل نے یو اے ای کے اس مطالبے کو تسلیم کیا ہے کہ مغربی کنارے کے مزید علاقوں پر قبضہ نہیں کرے گا۔

دوسری جانب امریکی صدرڈونلڈ ٹرمپ نے دونوں ملکوں کے درمیان سفارتی تعلقات قائم ہونے پر مبارک باد دی ہے۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے عوام کی سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل اور عرب ممالک کے درمیان قربتیں بڑھنے لگیں ہیں،یو اے ای اور اسرائیل کے درمیان وفود کی سطح پر مذاکرات جلد ہونگے۔

ٹرمپ  نے معاہدے کو اہم پیشرفت قرار دیتے ہوئے کہاکہ ابوظہبی ، متحدہ عرب امارات نے اسرائیل کے ساتھ تعلقات استوار کرلیےہیں،یواے ای اور اسرائیل کے درمیان امن معاہدہ طے پاگیا ہے،معاہدے سے مشرق وسطیٰ میں امن کو فروغ ملے گا۔