ایم ڈی پنجاب ٹیکسٹ بورڈ کو بحال کیا جائے، جماعت اسلامی

492

لاہور(نمائندہ جسارت) جماعت اسلامی پاکستان کے نائب امرا لیاقت بلوچ اور ڈاکٹر فرید احمد پراچہ نے ایم ڈی پنجاب ٹیکسٹ بورڈ کو عہدے سے ہٹانے کے حکومت پنجاب کے فیصلے کی شدید مذمت کر تے ہوئے کہاہے کہ حکومت کا یہ اقدام ملک کے اسلامی تشخص کے منافی ہے ۔ حکومت فی الفور ایم ڈی ٹیکسٹ بورڈ کو ان کے عہدے پر بحال کرے۔ انہوںنے کہاکہ ایم ڈی ٹیکسٹ بورڈ رائے منظور ناصر نے نجی تعلیمی اداروں میں اسلام ، پاکستان کے تشخص کے خلاف پڑھائے جانے والے نصاب کی نشاندہی کی اور انہیں تعلیمی اداروں میں پڑھانے پر پابندی عاید کی جو کہ بہت بڑا قومی کارنامہ اور ملک و قوم کی حقیقی خدمت کا مظہر تھا ۔ حکومت نے ان کے اس اقدام کی تحسین کرنے کے بجائے الٹا سیکولر ، لبرل ازم کے پروردہ گروہوں کے ایما پر ایم ڈی ٹیکسٹ بورڈ کو او ایس ڈی بناکر یہ پیغام دیا کہ وہ ملک پاکستان میں نظریاتی نصاب کو پروان نہیں چڑھنے دے گی ۔ پاکستان کے عوام ایسا کوئی اقدام برداشت نہیں کریں گے جس سے ملک کا اسلامی نظریاتی تشخص مجروح ہوتا ہو ۔