مسلمانوں کو ہر شعبے میں نمائندگی دونگا، امریکی صدارتی امیدوار

288

واشنگٹن (صباح نیوز) ڈونلڈ ٹرمپ کے حریف ڈیموکریٹک صدارتی امیدوار جو بائیڈن نے امریکا میں مسلمانوں کے خلاف نفرت اور نسلی امتیاز کا اعتراف کرتے ہوئے یقین دلایا ہے کہ ان کی انتظامیہ میں مسلمانوں کو ہر شعبے میں نمائندگی ملے گی، میں بطور صدر مسلمانوں سے ہر معاملے میں رائے لوں گا اور ان نسل پرست پالیسیوں کو ختم کروں گا جو ڈونلڈ ٹرمپ نے اول روز سے مسلمانوں پر لگا رکھی ہیں، انہوں نے کشمیر میں بھارتی پالیسی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے بھارت سے پابندیاں ختم اوربنیادی انسانی حقوق بحال کرنے کا بھی مطالبہ کیا۔ ایک میڈیا رپورٹ کے مطابق گزشتہ دنوں مسلم فار بائیڈن پلیٹ فارم کے تحت منعقد ورچوئل فنڈ ریزنگ کے شرکا سے گفتگو میں جوبائیڈن نے برائی کو روکنے سے متعلق ’’رسول اکرمؐکی حدیث اگر تم میں سے کوئی برائی دیکھے تو اس کو ہاتھ سے روکے، اگر ایسا نہ کر سکے تو اپنی زبان سے روکے اور جو یہ بھی نہ کر سکتا ہو وہ اسے دل میں برا کہے‘‘ بھی سنائی اور اسلام سے متعلق گہری معلومات کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکی مسلمان الیکشن میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں، آپ کی زبان، ہاتھ اور دل میری کوششوں کے ساتھ ہیں۔ فنڈ ریزنگ میں جو بائیڈن کی مہم کیلیے 13 لاکھ امریکی ڈالر اکٹھے کیے گئے، جوبائیڈن نے انتخابی مہم میں حصہ ڈالنے والے ڈیموکریٹک رہنما طاہر جاوید اور دیگر کا شکریہ بھی ادا کیا۔