بارشوں میں حکومت کی بے حسی دیکھ کر افسوس ہوا، سردار اخترمینگل

512

اسلام آباد: بلوچستان نیشنل پارٹی کے سربراہ سردار اختر مینگل کا کہنا ہےکہ حالیہ بارشوں سے بلوچستان میں نقصانات ہوئے ، حکومت کی بے حسی دیکھ کر افسوس ہوا، بلوچستان میں چھوٹے ڈیمز بنائے جائیں۔

قومی اسمبلی میں سانحہ کوئٹہ اور چمن بم دھماکے کے شہدا کے لیے فاتحہ خوانی ہوئی، قومی اسمبلی کے اجلاس سے اظہارخیال کرتے ہوئے سردار اخترمینگل نے کہا کہ بلوچستان میں سڑکیں نہ ہونے کے برابر ہیں،جو زکوۃ میں ایک آدھ سڑک ملتی ہےوہ بھی بہہ جاتی ہے،اگر کہا جاتا کہ تیل کے ذخائر وہاں ہیں تو وزیراعظم اور وزراء وہاں پہنچ جاتے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ اسمبلی میں کیا کوئٹہ دھماکے پر کمیشن کی رپورٹ پیش کی گئی؟ ایک سال پہلے وکلا کو نشانہ بنایا گیا،وکلاسے متعلق کمیشن بنا اس کی رپورٹ کا حال بھی حمودالرحمن کمیشن جیسا ہوا ہے،اس کمیشن کی رپورٹ کوایوان میں کبھی بھی زیر بحث نہیں لایا گیا،کمیشن کی رپورٹ پر ایوان میں بحث کرائی جائے۔

سردار اختر مینگل کا مزید کہنا تھا کہ جمہوریت میں اختلاف رائے کو حسن کہا جاتاہے لیکن یہاں اسے قبول نہیں کیا جاتا،اختلاف رائے کےلیے ہمیں کسی سرٹیفکیٹ کی ضرورت نہیں یہ ہمارا حق ہے۔