تاجر اور عوام سیاسی کشیدگی اور مہنگائی سے پریشان ہیں،میاں زاہد حسین

200

کراچی(اسٹاف رپورٹر)آل کراچی انڈسٹریل الائنس کے صدر میاں زاہد حسین نے کہا ہے برآمدات میں کچھ اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے مگر سرمایہ کاروں اور صارفین کا اعتماد ابھی بحال نہیں ہوا ہے جس کے لیے حکومت کو اقدامات کرنے کی ضرورت ہے،ابھی تک بہت سے کاروبار سپلائی چین میں بار بار خلل واقع ہونے سے پریشان ہیں، طلب میں کمی اور دیگر عوامل کی وجہ سے انکی پیداوار اور آمدنی کم ہو چکی ہے جبکہ عوام اور تاجر آسمان سے باتیں کرتی مہنگائی سے پریشان ہیں اور انکی بے چینی بڑھ رہی ہے۔ میاں زاہد حسین نے ایک بیان میں کہا کہ وائرس سے پیدا ہونے والی بے یقینی کو سیاسی عدم استحکام مزید بڑھا رہا ہے اور ایسے حالات میں سرمایہ کاروں اور عوام کے اعتماد کی بحالی ایک چیلنج ہو گا کیونکہ اسکی وجہ سے سرمایہ کاری نہیں ہو رہی ہے،متعدد اہم ممالک کی تجارتی پالیسیوں میں مسلسل تبدیلی، تحفظ پسندی کے بڑھتے ہوئے رجحان، غیر ملکی سرمایہ کاروں کے منافع میں کمی اور دیگر عوامل نے بھی ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاروں کو پریشان کر رکھا ہے۔