ممبئی: بارش کا 46 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا‘ شہر زیر آب‘ ہر طرف تباہی

354
ممبئی: ریکارڈ بارش کے باعث شاہراہیں نہروں کا منظر پیش کررہی ہیں‘ امدادی کارکن سڑکوں پر جمع پانی میں کشتی چلا رہے ہیں

ممبئی (انٹرنیشنل ڈیسک) بھارت کی ریاست مہاراشٹر کے اقتصادی مرکز ممبئی میں گزشتہ ایک ہفتے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے، جس سے نظامِ زندگی بری طرح متاثر ہوا ہے۔ خبر رساں اداروں کے مطابق صرف 12 گھنٹوں کے دوران 294 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے، جس سے بارش کا 46 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ یکم اگست سے اب تک 2319 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی جا چکی ہے جس کے بعد ہر طرف تباہی نظر آ رہی ہے۔ شہر کے تمام علاقے زیر آب آ چکے ہیں اور بارش کا پانی گھروں میں داخل ہو گیا ہے۔ شدید بارش اور 107 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی ہواؤں کے نتیجے میں ممبئی کے جنوبی علاقوں میں شدید تباہی کے مناظر دکھائی دے رہے ہیں، جہاں سیکڑوں درخت جڑ سے اکھڑ کر راستوں اور سڑکوں پر بکھرے پڑے ہیں۔ جگہ جگہ پانی جمع ہونے سے بس اور ٹرین سروس معطل ہو گئی۔ ریاست میں شدید بارش کے بعد ہنگامی حالات سے نمٹنے والی فورس نے امدادی ٹیموں کو مختلف علاقوں کی جانب روانہ کردیا ہے۔ اس سلسلے میں حکام نے بتایا کہ 5 ٹیمیں ممبئی بھیجی گئی ہیں۔ دریں اثنا ممبئی کی عدالت عالیہ نے سیلابی صورت حال کے باعث گزشتہ روز ہونے والی تمام سماعتیں منسوخ کردیں۔ محکمہ موسمیات نے آیندہ دنوں میں 60 سے 70 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تیز ہوائیں چلنے اور مزید بارش کی پیش گوئی بھی کی ہے۔ مقامی انتظامیہ نے شہریوں سے غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نہ نکلنے کی اپیل کی ہے۔ واضح رہے کہ سوشل میڈیا پر جاری ہونے والی تصاویر اور وڈیوز میں ممبئی میں گاڑیاں سڑکوں پر تیرتی نظر آ رہی ہیں جب کہ کشتیوں کے ذریعے مختلف علاقوں میں پھنسے ہوئے افراد کو نکالنے کے لیے امدادی کارروائیاں کی جا رہی ہیں۔